• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران کا اسرائیل پر جوابی حملہ علامتی اور بہت نپا تلا تھا، خواجہ آصف

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ایران کا اسرائیل پر جوابی حملہ علامتی اور بہت نپا تلا تھا، تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے کہا کہ ایران کی طرف سے اسرائیل کے ایرانی قونصل خانے پر حملے کا ردعمل متوقع تھا، اس وقت جو بھی فلسطین کے حق میں اسرائیل کیخلاف کھڑا ہو ہم اسے سپورٹ کریں گے، وزیراعظم شہباز شریف اسرائیل کیخلاف بات کریں قوم انہیں سپورٹ کرے گی، پاکستان کا دفتر خارجہ ہمیشہ ہومیو پیتھک رہتا ہے، ہماری پالیسی قائداعظم کی پالیسی ہے کبھی اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ دمشق میں ایرانی سفارتخانے پر حملے کے بعد ایران کا ردعمل متوقع تھا، ایران کا فلسطین پر جذباتی اسٹینڈ ہے جو تمام مسلمان ممالک کا ہونا چاہئے، ایران کا اسرائیل پر جوابی حملہ علامتی اور بہت نپا تلا تھا، اسرائیل میں ایرانی ڈرونز اور میزائل کو جن ہتھیاروں اور جگہوں سے روکا گیا اس سے اسرائیل کی دفاعی تنصیبات کی میپنگ ہوگئی ہے، اسرائیل ایرانی حملے کا جواب دیتا ہے تو اسے زیادہ نقصان ہوگا، امریکی و مغربی حمایت کے باوجود اسرائیل جنگ مزید پھیلنے کا متحمل نہیں ہوسکتا، یہ جنگ پھیلی تو اثرات پوری دنیا میں جائیں گے۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ جوبائیڈن، نیتن یاہو اور نریندر مودی سب کیلئے الیکشن مسئلہ ہے، سیاسی اہداف حاصل کرنے کیلئے عام انسانوں کا قتل عام ہورہا ہے، فلسطین کاز سے میری وابستگی نوجوانی کے زمانے سے ہے، مسلم امہ میں وہ کمٹمنٹ نہیں جو فلسطینیوں میں نظر آرہی ہے، اسماعیل ہانیہ نے اپنے بیٹوں، پوتوں، پوتیوں سمیت خاندان کے 65افراد قربان کردیئے اس کمٹمنٹ کا عشر عشیر بھی مسلم قیادت میں نہیں ہے، میرا ایمان ہے فلسطینیوں کو آزادی ضرور ملے گی۔ خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان پر اس وقت اسرائیل کو تسلیم کرنے کیلئے کوئی دباؤ نہیں ہے، پاکستان نے تیونس، مراکش، الجزائر اور فلسطین سمیت دنیا میں ہر جگہ آزادی کی جدوجہد کی حمایت کی ہے، افغانستان دہشتگردی ایکسپورٹ کررہا ہے دہشتگردوں کے تمام اڈے وہاں ہیں وہی انہیں کپڑے وغیرہ پہنا کر یہاں بھیج دیتا ہے، ایران کے ساتھ بھی واقعہ ہوا لیکن فوری طور پر تعلقات میں بہتری کی کوششیں شروع ہوگئیں۔

اہم خبریں سے مزید