کراچی (نیوز ڈیسک) اسرائیلی اخبار نے دعویٰ کیا ہےکہ ایران میزائل اور ڈرون حملوں میں اسرائیل کے دیمونہ جوہری ری ایکٹر کو براہ راست نشانہ بنانے میں کامیاب رہا.
اسرائیلی اخبار کا کہنا ہےکہ اسرائیلی فوج کےفضائی دفاعی نظام نے ایران کے 99 فیصد نہیں 84 فیصدڈرون اور میزائلوں کو روکا۔
امریکی میڈیا کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صیہونی رجیم کو ایران سے اتنے بڑے حملے کی توقع نہ تھی، امریکا اور اسرائیل کو ایرانی رد عمل محدود ہونے کی توقع تھی، غلط اندازہ ایران سے تصادم بڑھنے کا باعث بنا ۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیلی اخبار نے کہا ہےکہ سیٹلائٹ تصاویر کے مطابق دیمونہ ری ایکٹر پر ایک حملہ براہ راست ہوا جبکہ دو حملے اطراف میں ہوئے۔
اس کے علاوہ صحرائے نقب میں اسرائیلی فوجی اڈے پر چار ایرانی میزائل گرے، اڈے میں گرنے والے ایرانی میزائلوں کا ملبہ ملا ہے جبکہ اسرائیلی دفاعی نظام کے انٹرسیپٹر میزائلوں کی کوئی باقیات نہیں ملی۔
ایران نے دمشق میں ایرانی سفارت خانے پر اسرائیل کے فضائی حملے کے جواب میں گزشتہ ہفتے کی شب اسرائیل پر 300سے زائد میزائل اور ڈرون داغے تھے۔
دوسری جانب امریکی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل کا غلط اندازہ ایران سے تصادم بڑھنے کا باعث بنا۔