• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیفٹی بل پیش، بہت ہوچکا، سیاسی پناہ گزینوں کو لے کر پہلی پرواز بہت جلد روانڈا روانہ ہوگی، رشی سوناک

لندن (سعید نیازی) بہت ہوچکا، اب10سے 12 ہفتوں میں سیاسی پناہ گزینوں کو لے کر پہلی پرواز روانڈا روانہ ہو جائے گی۔ اس بات کا اظہار وزیراعظم رشی سوناک نے روانڈا اسکیم کے حوالے سے10ڈائوننگ اسٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ روانڈا سیفٹی بل پارلیمنٹ میں پیش کردی گئی۔ اسے منظور کرانے کیلئے اراکین پارلیمنٹ اور لارڈز کو تمام رات بیٹھنا پڑتا توکوئی حر ج نہیں۔ واضح رہے کہ وزیراعظم رشی سوناک نے اس سے قبل وعدہ کیا تھا کہ سیاسی پناہ گزینوں کو لے کر روانڈا کیلئے پرواز موسم بہار میں روانہ ہو جائے گی لیکن اب نئے ٹائم ٹیبل کے مطابق یہ پرواز جولائی میں روانہ ہوگی۔ انہوں نے اس منصوبے کی تاخیر کا ذمہ دار لیبر پارٹی کو قرار دیا اور کہا کہ وہ جلد پروازیں بھیجنا شروع کریں گے اور چھوٹی کشتیوں سے آنے والوں کو روکا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی عدالتیں ان پروازوں کو روکنے کیلئے مداخلت نہیں کر سکیں گی۔ اس مقصد کیلئے ایک ائیرفیلڈ اسٹینڈ بائی پر موجود ہے اور کمرشل چارٹرڈ فلائٹس بھی بک ہیں، انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے اب اگر مگر نہیں ہوگی اور نہ کوئی تاخیر۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت ہم ان جرائم پیشہ گروہوں کے بزنس ماڈل کو توڑ سکیں گے جس سے جانیں محفوظ ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ بل کی منظوری کے ساتھ ہی غیرقانونی طور پر آئے افراد کو ہٹانے کا عمل شروع ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک انتہائی پیچیدہ عمل تھا جسے ہوم آفس نے مکمل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے افراد جنہیں روانڈا بھیجنے کی تیاری کی جارہی ہے ان کیلئے حراستی مراکز میں 2,200 تک گنجائش بڑھا دی گئی ہے۔ جن کے کیسز سے نمٹنے کیلئے 200 تربیت یافتہ کیس ورکرز تیار ہیں اور کسی بھی قانونی معاملے سے نمٹنے کیلئے عدلیہ 25 کورٹ رومز فراہم کرے گی اور 150 ججز کی بھی نشاندہی کی گئی ہے جو 5 ہزار سے زائد دن کیلئے دستیاب ہونگے۔ رشی سوناک نے کہا کہ غیرقانونی تارکین وطن کو روانڈا تک پہنچانے کیلئے 500 اعلیٰ تربیت یافتہ افراد تیار ہیں جبکہ آئندہ چند ہفتوں میں مزید 300 افراد کو بھی تربیت دیدی جائے گی۔ لیبر پارٹی نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ رشی سوناک منصوبے کو پارلیمنٹ سے بہت پہلے منظور کرا سکتے تھے لیکن وہ ہمیشہ کسی اور کو قصوروار ٹھہراتے ہیں۔ شیڈو ہوم سیکرٹری یوویٹ کوپر نے کہا کہ حکومت روانڈا اسکیم پر ٹیکس دہندگان کے نصف بلین پائونڈ خرچ کر رہی جبکہ اس سے صرف ایک فیصد پناہ گزینوں کا احاطہ ہوگا۔ یہ رقم ہماری سرحدوں کی حفاظت کو بہتر بنانے کیلئے نیو کراس بارڈر پولیس اور کائونٹر ٹیرر اسٹائل کے اختیارات دینے پر خرچ ہو سکتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسکیم ناکام ہوگی۔ لب ڈیم کے سربراہ سر ایڈ ڈیوی نے کہا کہ روانڈا منصوبہ رشی سوناک کی مکمل ناکامی ہے انہوں نے ملک میں فوری الیکشن کرانے کا مطالبہ بھی کیا۔

یورپ سے سے مزید