وفاقی حکومت نے سائبر کرائم کو فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) سے علیحدہ کر دیا ہے، سائبر کرائم کی روک تھام کے لیے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے نام سے نیا ادارہ بنا دیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کا اپنا ڈائریکٹر جنرل تعینات کیا جائے گا، این سی سی آئی اے کے ملک بھر میں ایف آئی اے طرز کے زونل آفس بنائے جائیں گے۔
سائبر کرائم کے حوالے سے ہونے والے تمام جرائم نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کو بھیجے جائیں گے، سائبر کرائم سے متعلق تمام مقدمات اندراج اور پراسیکیوشن این سی سی آئی اے خود کرے گی۔
این سی سی آئی اے کے اپنے تھانے ہوں گے، افسران کو سائبر کرائمز سے متعلق خصوصی تربیت دی جائے گی، ملک بھر میں سوشل میڈیا اور ایپس سے متعلق تمام معاملات این سی سی آئی اے دیکھے گی۔