نیویارک (نیوز ڈیسک) معروف امریکی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے پاکستان کے وفاقی دارالحکومت میں 50اسمارٹ اسکول قائم کرنے کا اعلان کر دیا۔ ذرائع کے مطابق گوگل پاکستان میں 50اسمارٹ اسکول قائم کرنے اور مختلف پروجیکٹس بشمول اساتذہ کیلئے ورکشاپس، گوگل کیریئر سرٹیفکیٹس کے ذریعے نوجوانوں کی ٹریننگ اور ایک پبلک گوگل ریفرنس اسکول کے قیام کیلئے تیار ہے۔ کپمنی کی ٹیم گوگل فار ایجوکیشن نے اپنے مقامی پارٹنر ٹیک ویلی کے ساتھ حال ہی میں پاکستان کے تعلیمی شعبے کیلئے آنے والے منصوبے پیش کرنے کیلئے وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے سیکرٹری کے ساتھ ملاقات کی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اسلام آباد میں جو 50اسمارٹ اسکول قائم کیے جائیں گے وہ 30ہزار گوگل فار ایجوکیشن آئی ڈیز سے لیس ہوں گے جن میں پریکٹس سیٹس اور بہتر تعاون اور پیداواری صلاحیت کیلئے اے آئی کے ذریعے چلنے والا ڈیجیٹل ٹولز کا ایک مجموعہ شامل ہے۔