• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بدھ کے روز پنجاب کےگنجان آبادضلعی ہیڈکواٹرگجرات میں واقع عزیز بھٹی شہید ٹیچنگ اسپتال کے وارڈ کی چھت گرجانے کا افسوسناک واقعہ عوامی مراکز، خصوصاً اسپتالوں کی عمارتوں سے متعلق قائم شدہ محکموں کی چشم پوشی کا مظہر ہے،جسے نظرانداز کرنا بھی متعلقہ افسران کی مجرمانہ غفلت کے زمرے میں آتا ہے۔اس حادثے میں ملبے تلے دب کر دو خواتین سمیت تین مریض جاں بحق جبکہ ایک درجن زخمی ہوگئے۔6ماہ قبل نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے متذکرہ اسپتال کا دورہ کرتے ہوئے وہاں پائی گئی بدنظمی اور انتظامی غفلت کا مشاہدہ کرتے ہوئے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو اس کے عہدے سے ہٹا دیا تھا۔ایسی ہی صورتحال اسی روز گوجرانوالہ میں پائی گئی تھی لیکن اس کے باوجود اصلاح احوال دکھائی نہیں دے رہی اور یہ صورتحال ایک صوبے تک نہیں پورے ملک کو درپیش ہے۔عزیز بھٹی شہید اسپتال کو اڑھائی ماہ قبل اپ گریڈ کرتے ہوئے اس کیلئے کروڑوں روپےکے فنڈ جاری کئے گئے تھے جس کے تحت وہاں ترقیاتی کام ہورہے ہیں لیکن متذکرہ حادثہ تعمیراتی کام کے کمزور ہونے کی نشاندہی کرتا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دیا ہے اور اس کیلئے کمشنر گوجرانوالہ کی سربراہی میں 10رکنی کمیٹی قائم کی ہے جو 72گھنٹے میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔صوبائی حکومت کی طرف سے صورتحال کا فوری ادراک کرنا اس کے فرائض منصبی میں شامل ہے تاہم سرکاری اسپتالوں کے معاملات سے چشم پوشی مجرمانہ غفلت ہےجو دور دراز اضلاع اور تحصیلوں میں عموماً دیکھنے کو ملتی ہے۔یہ معاملہ یہیں ختم نہیں ہوجانا چاہئے ،ملک بھر کے سرکاری اسپتالوں کی مکمل جانچ پڑتال ذمہ دار انہ طریقے سے کروائی جانی چاہئے اور کوتاہی کے ذمہ داروں کے خلاف ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جانی ضروری ہے۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998

تازہ ترین