• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انگلش چینل: تارکین وطن کی موت کے بعد دو افراد پر امیگریشن کرائمز کا چارج

لندن (پی اے) انگلش چینل کو عبور کرنے کی کوشش کرنے والے ایک بچے سمیت پانچ تارکین وطن کی ہلاکت کی تحقیقات کے سلسلے میں دو افراد پر امیگریشن کے جرائم کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ جنوبی سوڈان سے تعلق رکھنے والے 22 سالہ ین بوتھ پر غیر قانونی امیگریشن میں مدد کرنے اور درست انٹری کلیئرنس کے بغیر برطانیہ پہنچنے کی کوشش کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ 22سالہ سوڈانی شہری تاجدین ادبولعزیز جمعہ پر فرد جرم عائد کی گئی ہے کہ اس نے داخلے کی اجازت کے بغیر برطانیہ پہنچنے کی کوشش کی۔ دونوں افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور انہیں جمعہ کو فوک اسٹون مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا ہے۔ نیشنل کرائم ایجنسی کینٹ پولیس، امیگریشن انفورسمنٹ اور بارڈر فورس کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے تاکہ منگل کو شمالی فرانس میں ویمیریوکس کے قریب ساحل سمندر پر پیش آنے والے واقعے کی فرانسیسی قیادت میں ہونے والی تحقیقات میں مدد کی جا سکے۔ سوڈان سے تعلق رکھنے والے ایک 18 سالہ نوجوان کو بھی اس واقعے میں گرفتار کیا گیا ہے اور مزید پوچھ گچھ کے لئے اسے ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔ منگل کی صبح تقریباً 6 بجے ایک ڈنگی 100 سے زائد افراد کو لے کر ویمیریوکس سے روانہ ہوئی لیکن سمندری لہروں کی تیزی کے باعث مشکل میں پڑ گئی۔ فرانسیسی کوسٹ گارڈ کے مطابق تین مرد، ایک عورت اور ایک لڑکی ہلاک ہو گئے۔کوسٹ گارڈ نے ایک بیان میں کہا کہ تقریباً 49 افراد کو بچا لیا گیا لیکن 58 دیگر نے کشتی چھوڑنے سے انکار کر دیا اور برطانیہ کی طرف اپنا سفر جاری رکھا۔ کوسٹ گارڈ نے ایک بیان میں کہا بعد میں کئی دیگر کشتیوں نے کراسنگ کا آغاز کیا۔

یورپ سے سے مزید