• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غیر قانونی تارکین کو روانڈا کی فکر کرنے کے بجائے فرانسیسی کوسٹ گارڈ سے مدد لیا کریں، اسمگلروں کی ترغیب

مانچسٹر(ہارون مرزا)برطانیہ میں غیر قانونی طریقے سے داخلے کی تازہ ترین کوششوں کے دوران چار سالہ بچی سمیت پانچ افراد کی ہلاکت کے بعد اسمگلرز نے چینل عبور کرنیوالے تارکین وطن کو ترغیب دینا شروع کر دی ہے کہ وہ جیسے ہی سمندر میں پہنچیں روانڈا کی فکر چھوڑ دیں وہ فرانسیسی کوسٹ گارڈ کو مدد کے لئے بلائیں جو انہیں برطانوی پانیوں تک لے جائے گا۔برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق کیلیس کے قریب ایک اوورلوڈ کشتی الٹنے کے نتیجے میں منگل کی صبح پانچ اموات ہوئیں جس کے بعد اسمگلرز اب لوگوں کو بے وقوف بنانے کیلئے نیا نعرہ لگا رہے ہیں۔ روانڈا سکیم سمیت دیگر سخت ترین اقدامات کے باوجود برطانیہ میں غیر قانونی تارکین وطن کی آمد کا سلسلہ تیزی کیساتھ جاری ہے جبکہ تین مشتبہ افراد کو اسمگلنگ کے شبہ میں گرفتار کیا گیا ہے ۔ہلاکتوں اور سخت ترین اقدامات کے باوجود تارکین وطن گرفتاریوں کے خوف سے بالاتر ہو کر اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر برطانوی پانیوں میں داخل ہو رہے ہیں اسمگلروں کیلئے یہ ایک منافع بخش کام ہے اور وہ اسمگلنگ کے کاروبار سے پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں ہیں لوگوں کا استحصا ل کر کے انہیں موت کے منہ میں دھکیلنے کیلئے وہ کسی اقدام سے دریغ نہیں کرتے۔ اسمگلرز تارکین وطن کو ترغیب دیتے ہیں کہ وہ سفر خطرناک نہیں وہ روانڈا کی فکر بھی چھوڑ دیں جب وہ کشتی میں ہوں تو ساحلی محافظوں کو کال کریں وہ خود تمہیں لے جائیں گے۔ اریٹیریا کے ایک شخص نے برطانوی ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ تارکین وطن مرنے سے نہیں ڈرتے کیونکہ یہ اس کے مقابلے میں کچھ نہیں جو وہ فیس کر رہے ہیں اور جس طرح کے حالات سے وہ گزرتے ہیں۔ انکا کہنا ہے کہ وہ ڈرنے والے نہیں اگر خدا یہی چاہتا ہے کہ ہم چینل میں مر جائیں تو وہ ضرور یہ رسک لیں گے۔ باور کیا جاتا ہے کہ اسمگلرز ایک ہزار پاؤنڈ فی شخص وصولی کر رہے ہیں۔برطانوی وزیر اعظم رشی سنک کے روانڈا بل کے پارلیمنٹ میں پاس ہونے کے بعد بھی غیر قانونی آمد کا سلسلہ جاری ہے وزیراعظم نے اس نے اس عزم ظاہر کیا کہ ہمارے راستے میں کسی بھی چیز کو رکاوٹ نہیں بننے دیں گے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال برطانیہ میں پناہ کی 67,337 درخواستیں آئیں جن میں سے 29,437 ایسی تھیں جو چھوٹی کشتیوں پر سوار ہو کر برطانیہ پہنچے تھے۔ وزیر اعظم نے دعویٰ کیا ہے کہ فرانس میں ہونے والے افسوسناک واقعات نے روانڈا کے منصوبے کے موثربنانے کی ضرورت کی تصدیق کی ہے ہم لوگوں کو انتہائی خطرناک کراسنگ کرنے سے روکنا چاہتے ہیں جرائم پیشہ گروہ کمزور لوگوں کا استحصال کر رہے ہیں جسے روکنے کیلئے کوشاں ہیں۔

یورپ سے سے مزید