• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرانس نے اسرائیلی آباد کاروں پر پابندیوں کی دھمکی دیدی

پیرس ( نیوزڈیسک)فرانس مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینی شہریوں کے خلاف تشدد میں ملوث اسرائیلی آباد کاروں پر پابندیاں بڑھانے پر غور کر رہا ہے، جبکہ فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے اردن کے شاہ عبداللہ دوئم سے بات چیت کی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماں نے مغربی کنارے میں بین الاقوامی قانون کے منافی آبادکاری سے متعلق اسرائیل کے حالیہ اعلانات کی سختی سے مذمت کی۔بیان میں کہا گیا کہ میکرون اور شاہ عبداللہ نے غزہ میں تباہ کن انسانی صورتِ حال کے بارے میں بھی بات کی اور رفح پر اسرائیلی حملے کے تناظر میں انتہائی تشویش کا اظہار کیا جہاں 15 لاکھ سے زیادہ لوگ پناہ لیے ہوئے ہیں اور ایسے آپریشن کی مخالفت کا اعادہ کیا۔بیان میں یہ بھی کہا گیا، دونوں رہنمائوں نے فوری اور پائیدار جنگ بندی کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ فوری امداد کی بڑے پیمانے پر فراہمی اور شہری آبادی کا تحفظ ممکن ہو سکے۔میکرون نے یہ بھی دہرایا کہ حماس کے ہاتھوں یرغمالیوں کی رہائی فرانس کی اولین ترجیح تھی۔غزہ جنگ کی وجہ بننے والے سات اکتوبر کے حملے کے بعد سے مقبوضہ علاقوں میں کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ فلسطینی حکام کے مطابق سات اکتوبر سے مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجیوں یا آباد کاروں کے ہاتھوں کم از کم 488 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔فروری میں 28 انتہا پسند اسرائیلی آباد کاروں کے فرانسیسی سرزمین میں داخلے پر پابندی لگا دی گئی۔
یورپ سے سے مزید