• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہراسانی کے الزامات مسترد، پروڈیوسر کا بھارتی اداکارہ کیخلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان

بھارتی ٹیلی ویژن اداکارہ کے ہراسانی کے الزامات نے نئی شکل اختیار کرلی جہاں پروڈیوسر نے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کو جھوٹا اور بےبنیاد قرار دے کر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اداکارہ ماضی میں بھی لوگوں پر اسی طرح کے جھوٹے الزامات لگاتی رہی ہیں۔ 

اداکارہ کرشنا مکھری جی نے سیریل شبھ شگن کے پروڈیوسر کندن سنگھ پر ہراسانی کا الزام عائد کیا اور یہ بھی کہا کہ پروڈکشن ہاؤس نے نہیں 30 لاکھ روپے کا بقیہ معاوضہ ادا کرنا ہے۔ 

سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں انتہائی برے وقت سے گزر رہی ہوں اور گزشتہ ڈیڑھ برس سے مشکلات کا شکار ہوں اور یہ سب کچھ تب شروع ہوا جب میں نے اپنا آخری شو ’شبھ شگن‘ کرنا شروع کیا۔

انکا کہنا تھا کہ یہ شو کرنا میرا زندگی کا بدترین فیصلہ تھا، میں یہ شو کرنا ہی نہیں چاہتی تھی لیکن میں نے دوسروں کا سنا اور شو کرنے پر آمادہ ہوئی۔ 

انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ ایک مرتبہ جب سیٹ پر انکی طبیعت بہتر نہیں تھی اور وہ شوٹ کرنے سے ہچکچا رہی تھیں تو اس وقت پروڈیوسر نے انہیں میک اپ روم میں بند کر دیا تھا۔

ان الزامات پر پروڈیوسر کندن سنگھ کا کہنا تھا کہ کرشنا مکھرجی نے جھوٹ پر مبنی الزامات لگائے۔

سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کندن سنگھ کا کہنا تھا کہ اداکارہ کے سوشل میڈیا فالوورز جھوٹ سے باخبر رہیں۔ 

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دیکھ کر افسوس ہوتا ہے کہ کچھ لوگوں کے لیے جھوٹے الزام لگانا کتنا آسان ہے۔ 

پروڈیوسر کا کہنا تھا کہ میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ مجھ لگائے گئے تمام الزامات جھوٹے ہیں اور الزامات لگانے والوں کے خلاف سخت قانونی چارہ جوئی کی جائےگی۔ 

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اداکارہ 2022 میں بھی پروڈکشن ہاؤس کے دو ملازمین پر اسی طرح کے الزامات لگاچکی ہیں، اس وقت میں نے اداکارہ کا ساتھ دیا، ملازمین کو فارغ کیا لیکن بعد میں یہ بات سامنے آئی کہ اداکارہ نے جھوٹے الزامات لگائے تھے۔

بات یہیں ختم نہیں ہوئی بلکہ کرشنا مکھرجی کے ساتھی اداکار ایلے گونی میدان میں آئے اور انہوں نے اداکارہ کے الزامات کو درست قرار دیا۔  

ایلے گونی نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ کرشنا نے بالکل درست الزامات لگائے ہیں کیونکہ جب انہیں میک روم میں بند کیا گیا تو انہوں نے مجھے کال کی تھی۔  

انکا یہ بھی کہنا تھا کہ پروڈکشن ہاؤس پر کرشنا مکھرجی کے 30 لاکھ روپے واجب الادا ہیں۔ 

انٹرٹینمنٹ سے مزید