وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے آزاد جموں و کشمیر کی صورتحال کا نوٹس لے لیا۔
شہباز شریف نے وزیراعظم آزاد کشمیر سے رابطہ کیا ہے۔
وزیراعظم نے مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی قیادت کو ایکشن کمیٹی سے فوری بات چیت کرنے کی ہدایت کی ہے۔
شہباز شریف نے تمام جماعتوں سے پُرامن طریقے سے مطالبات کے حل کےلیے اپیل بھی کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مسئلے کے جلد حل کی امید ظاہر کردی۔
واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں احتجاج اور پُرتشدد مظاہروں کے بعد رینجرز کو طلب کر لیا گیا ہے۔
گزشتہ روز پولیس اور مظاہرین میں تصادم کے بعد حکومت نے رینجرز کی طلبی کا فیصلہ کیا تھا۔
ریاست بھر سے عوامی ایکشن کمیٹی کا قانون ساز اسمبلی کی جانب لانگ مارچ جاری ہے۔
دوسری جانب آزاد کشمیر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی مرکزی قیادت نے پُرتشدد واقعات سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔
جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ممبر ساجد جگوال نے کہا کہ ہم پُرامن لوگ ہیں اور ہماری پُرامن تحریک ہے، ہم یہاں 2 دن سے بیٹھے ہیں کوئی واقعہ یا کچھ اور نہیں ہوا۔
جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے رہنما توصیف منصور نے کہا کہ ہم پُرامن ہیں، نہ کوئی گملہ ٹوٹا ہے نہ کوئی شیشہ، جو دو تین واقعات ہوئے ان سے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا کوئی تعلق نہیں۔
آزاد کشمیر میں عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر لانگ مارچ، پہیہ جام اور ہڑتال کا چوتھا روز ہے۔
خیال رہے کہ آزاد کشمیر میں مہنگی بجلی اور ٹیکسز کے خلاف احتجاج جاری ہے۔
عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے مہنگائی اور ٹیکسز کے خلاف میرپور سے مظفر آباد تک لانگ مارچ کا اعلان کیا گیا ہے۔