• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آزاد کشمیر میں ائرپورٹ تعمیر کیا جائے، کمیونٹی رہنما وٹفورڈ

وٹفورڈ (نمائندہ جنگ) کمیونٹی رہنما وٹفورڈ نے وزیراعظم پاکستان اور وزیر اعظم آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ آزاد کشمیر میں انٹر نیشنل ائر پورٹ کی تعمیر کیلئے اقدامات کریں۔ چوہدری محمد عظیم،چوہدری محمد سعید، کونسلر سردار شفیق خان، حاجی محمد منیر چیف آرگنائزر عوامی مسلم لیگ برطانیہ نے کہا یہ المیہ ہے کہ کشمیر کے شمالی علاقہ اسکردو میں روزانہ کی بنیا د پر اندرون ملک اور بیرون ملک پروازیں شروع کر دی گئی ہیں جب کہ آزاد کشمیر میں کوئی ائر پورٹ موجود نہیں ہے، رہنمائوں نے کہا آزاد کشمیر کے عوام ائرپورٹ سے کیوں محروم ہیں، ان کا یہ احساس محرومی ختم کیا جائے، رہنماوں نے کہا آزاد کشمیر میں میر پور انٹر نیشنل ائر پورٹ کی تعمیر کیلئے آزاد کشمیر اسمبلی نے بھاری اکثریت سے قرار داد منظور کی تھی، برطانیہ، امریکہ، یورپ کا ائرپورٹ نہ ہونے کی وجہ سے آزاد کشمیر سے رابط منقطع ہے ، بھارت نے مقبوضہ کشمیر سرینگر میں انٹرنیشنل ائرپورٹ جموں، لداخ، کارگل سمیت ریاست کے ہر بڑے شہر میں ائر پورٹس تعمیر کئے ہیں، ریلوے لائن کی تنصیب، مواصلات، آئل، گیس، دریاؤں بند بنا کر عوام کو ہر طرح کی سہولیات دی ہیں جبکہ آزاد کشمیر کے 50لاکھ عوام ائر پورٹ سمیت تمام بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔ میر پور ائرپورٹ کی تعمیر کیلئے سنگ بنیاد رکھا گیا، فنڈز مختص کئے گئے مگر یہ پروجیکٹ سرخ فیتہ کا شکار ہو گیا ہے، رہنمائوں نے کہا بیرون ملک کشمیری عوام کو یہ حق دیا جائے کہ وہ سیالکوٹ ائر پورٹ کی طرح آزاد کشمیر میں ائر پورٹ کی تعمیر کیلئے کردار ادا کر سکیں، ائرپورٹ کیلئے جگہ کا انتخاب کیا جائے، یہ المیہ ہے کہ کشمیر ی عوام گزشتہ 76سال سے ائرپورٹ کی سہولت سے محروم ہیں اور آزاد کشمیر کیلئے کوئی ریلوے لائن موجود نہیں ہے، آزاد کشمیر کے رہنماعوام کے بنیادی حقوق پر سیاست کرتے ہیں، آزاد کشمیر قدرتی وسائل سے مالا مال ہے لیکن ریاست کے عوام اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہیں تمام قومی پراجیکٹ صرف سنگ بنیاد تک محدود ہیں۔
یورپ سے سے مزید