• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلز پارٹی نے سلیم حیدر کو پنجاب، فیصل کریم کنڈی کو خیبرپختونخوا کا گورنر نامزد کردیا

اسلام آباد (طاہر خلیل ,فاروق اقدس) وفاقی حکومت اور پیپلز پارٹی نے معاہدے کے تحت پنجاب میں سردار سلیم حیدر، خیبرپختونخوا میں فیصل کریم کنڈی اور بلوچستان میں جعفر مندو خیل کو گورنر تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں گورنرز کی تعنیاتی کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے پھر اپنے امیدوار تبدیل کرلیے۔ وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات ہوئی، جس میں پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے نئے گورنرز کی تقرری کے معاملے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ بلاول بھٹو زرداری ملاقات کے لیے وزیر اعظم ہاؤس پہنچے تو شہباز شریف نے اُن کا استقبال کیا اور ظہرانہ بھی دیا۔ دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں ملکی سیاسی صورت حال پر تفصیلی بات چیت کی جبکہ گورنرز کی تقرری پر بھی مشاورت کی۔ بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے لیے مختلف نام تجویز کیے جن میں سے 2 صوبوں میں پیش کئے گئے ناموں کی وزیراعظم نے منظوری دی۔ ملاقات میں فیصل کریم کنڈی کو گورنر خیبرپختونخوا، جعفر مندو خیل کو بلوچستان کا گورنر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ سندھ کی گورنری کا عہدہ ایم کیو ایم کے پاس رہے گا اور کامران ٹیسوری بطور گورنر اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں گے۔ اس کے علاوہ پنجاب میں بلاول بھٹو کی تجویز پر سردار سلیم حیدر کو گورنر پنجاب تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے رہنما سردار سلیم حیدر کو گورنر پنجاب بنانے کا فیصلہ کرلیا۔ زرداری ہاؤس اسلام آباد میں پیپلز پارٹی پنجاب کے رہنماؤں نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی، جس میں راجہ پرویز اشرف، سید حسن مرتضی، شہزاد سعید چیمہ، سردار سلیم حیدر اور ندیم افضل چن شامل تھے۔

اہم خبریں سے مزید