• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی حکومت کا 18 لاکھ ٹن گندم پاسکو کے تحت خریدنے کا فیصلہ


وفاقی حکومت نے پاکستان ایگری کلچرل اسٹوریج اینڈ سروس کارپوریشن (پاسکو) کے تحت کسانوں سے 18 لاکھ ٹن گندم خریدنے کا فیصلہ کرلیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 18 لاکھ ٹن گندم کی خریداری کے فیصلے کا مقصد کسانوں کو فائدہ پہنچانا ہے۔

وزیراعظم نے لاہور میں اعلیٰ سطح کے اجلاس میں گندم خریداری پر تحفظات دور کرنے کےلیے وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی کی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا، جو 4 دن میں کسانوں کے تحفظات دور کرنے کےلیے اقدامات کرے گی۔

اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے گندم خریداری اور بار دانے کے حصول میں کسانوں کو درپیش مشکلات کا نوٹس لے لیا۔ وزیراعظم نے سوال کیا کہ گندم کی خریداری کےلئے کسانوں کو بار دانے کے حصول میں مشکلات کیوں درپیش ہیں؟

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ کسانوں کو ان کی محنت کا معاوضہ بروقت پہنچائیں گے، اُن کی محنت کو کسی کی غفلت کی بھینٹ نہیں چڑھنے دوں گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کسانوں کے معاشی تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں، افسران گندم کی خریداری کی موقع پر جاکر خود نگرانی کریں۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، عطا اللّٰہ تارڑ اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے شرکاء کو گندم کی خریداری کے حوالے سے پیشرفت سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے گندم درآمد سے لاعلم رکھنے پر سیکریٹری فوڈ محمد آصف کو عہدے سے ہٹادیا تھا۔

دوسری طرف گندم اسکینڈل تحقیقاتی کمیٹی کے سربراہ وفاقی سیکرٹری کابینہ کامران علی افضل نے محمد آصف اور سابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے دور کے سیکرٹری فوڈ کیپٹن ریٹائرڈ محمد محمود کے بیانات قلمبند کرلیے، کاکڑ دور کی نگراں وزیر خزانہ شمشاد اختر کو کل طلب کیا گیا ہے ۔

کامران علی افضل نے انوار الحق کاکڑ اور محسن نقوی کو طلب کیے جانے کی تردید کردی۔

انوار الحق کاکڑ پروگرام ٹاک شاک میں کہہ چکے ہیں کہ گندم کی مصنوعی طلب صوبوں نے پیدا کی، مصنوعی ڈیمانڈ کرنے والے بیوروکریٹس آج بھی صوبوں میں اہم پوزیشنز پر موجود ہیں۔

گندم درآمد کے معاملے پر نجی ہوٹل میں جب لیگی رہنما حنیف عباسی نے گندم درآمد کا معاملہ اٹھایا تو انوار الحق کاکڑ نے جواب میں کہاکہ اگر انہوں نے فارم 47کی بات کردی تو ن لیگ منہ چھپاتی پھرے گی۔

قومی خبریں سے مزید