امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے وفد کے ہمراہ تاریخی قبرستان چوکنڈی کا دورہ کیا اور تاریخی مقبروں کا معائنہ بھی کیا۔
صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ نے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم و وفد کے دیگر اراکین کا استقبال کیا۔
امریکی سفیر کے وفد میں قائم مقام قونصل جنرل جمی مولڈین، ہیتھر مرفی، زہرا حاجیانی، نریندر کمار و دیگر شریک تھے۔
انہوں نے ملک کے تاریخی مقامات کو اجاگر کرنے میں تعاون کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ چوکنڈی کے مقبروں کی تعمیراتی ترتیب اور اس کے طرزِ تعمیر پر ان کے معماروں کی کاری گری و ہنرمندی قابلِ داد ہے، چوکنڈی و دیگر تاریخی مقامات کو مزید اجاگر کرنے کے لیے یونیسکو کے تحت بھر پور تعاون کریں گے۔
اس موقع پر صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ نے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کو چوکنڈی قبرستان کی قدیم تاریخی حیثیت سے متعلق آگاہ کیا۔
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے تاریخی چوکنڈی قبرستان کے دورے کو متاثر کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ چوکنڈی کا قبرستان فنکارانہ مہارت اور نقش ونگاری کے کام کا اعلیٰ نمونہ ہے، یہ تاریخی حیثیت سے پاکستان کے اہم قبرستانوں میں منفرد طرزِ تعمیر میں اپنی مثال آپ ہے۔
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا کہنا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان سیاحتی تعلقات مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے، جس کے لیے امریکی سیاحتی ویزے کے حصول میں آسانیاں پیدا کریں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان مضبوط و دیرینہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے درمیان سیاحتی تعلقات مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے، سیاحوں کے لیے امریکی ویزہ کے حصول میں آسانیاں پیدا کریں گے۔
اس موقع پر صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ صوبے کے سیاحتی و ثقافتی ورثوں کو محفوظ بناکر سیاحوں کو سازگار ماحول فراہم کررہے ہیں، سیاحوں کو تمام تر سہولتیں فراہم کرنے کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔
پی پی پی رہنما نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خواہش ہے کہ سندھ کی سیاحت و ثقافت کے ذریعے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن ہو۔
دریں اثنا صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ نے مہمانوں کو سندھی روایتی اجرک اور موہن جو دڑو کے نوادرات کی نقول بطور تحفہ پیش کیے جبکہ دورے کے دوران سیکرٹری ثقافت خالد چاچڑ، ایم ڈی سیاحت سید فیاض شاہ، ڈی جی نوادرات عبدالفتاح شیخ و دیگر افسران بھی موجود تھے۔