• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ: 67 کروڑ 54 لاکھ روپے میں گاڑیوں کی 40 نمبر پلیٹس کی نیلامی


پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کی نیلامی ہوئی ہے، محکمۂ ایکسائز حکومتِ سندھ نے 40 نمبر پلیٹس کی نیلامی سے 67 کروڑ 54 لاکھ روپے جمع کر لیے۔

گاڑی کے پریمیئم نمبر 1 کی نمبر پلیٹ 10 کروڑ، نمبر 5 کی 5 کروڑ 30 لاکھ، نمبر 7 کی 4 کروڑ 60 لاکھ، نمبر 8 کی 4 کروڑ 10 لاکھ اور نمبر 9 کی 4 کروڑ روپے میں نیلام ہوئی۔

وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم سیلاب زدگان کے لیے مکانات کی تعمیر کے لیے وقف کی جائے گی، فنڈز سے سیلاب زدگان کے لیے مجموعی طور پر 2251 مکانات تعمیر کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتِ سندھ سیلاب متاثرہ لوگوں کی امداد اور ان کی زندگیوں کی تعمیر نو کے لیے مسلسل کوشاں ہے، بہت جلد پریمیئم نمبر پلیٹس کی نیلامی کا دوسرا مرحلہ بھی شروع کیا جائے گا۔

شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ آئندہ نیلامی سے تعمیرِ نو کی جاری کوششوں میں مزید مدد کے لیے اضافی وسائل پیدا ہونے کی اُمید ہے۔

صوبائی وزیر نے یہ بھی کہا کہ حکومت کے جامع نقطۂ نظر میں ناصرف نئے گھروں کی تعمیر بلکہ ضروری انفرااسٹرکچر کی بحالی، طبی امداد اور معاشی بحالی بھی شامل ہے۔

تجارتی خبریں سے مزید