پاکستانی معروف ماڈل، فلم و ٹی وی انڈسٹری کی اداکارہ ثروت گیلانی نے ’پوسٹ پارٹم ڈپریشن‘ سے گزرنے سے متعلق انکشاف کیا ہے۔
یاد رہے کہ اکثر اوقات خواتین میں اپنے ہاں بچے کی پیدائش کے بعد اداسی، اضطراب، پریشانی اور تھکاوٹ کے شدید احساسات پیدا ہو جاتے ہیں جو بچے کی پیدائش کے بعد طویل عرصے تک رہتے ہیں۔
بیرونِ ممالک خاتون کے ہاں بچے کی پیدائش کے بعد 6 ماہ تک ’پوسٹ پارٹم ڈپریشن‘ کے عرصے کو بہت اہمیت دی جاتی ہے، یہ تصور تاحال پاکستان میں نہیں پایا جاتا جس کے سبب خواتین کو ذہنی پیچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اداکارہ ثروت گیلانی نے حال ہی میں اس موضوع پر کھل کر بات کی ہے۔
اداکارہ ثروت گیلانی نے نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں دیگر ساتھی اداکاراؤں کے ہمراہ شرکت کی۔
اس دوران جہاں سب اداکاراؤں نے بچوں کی پرورش کے دوران پیش آنے والی مشکلات پر بات کی وہیں ثروت گیلانی نے ’پوسٹ پارٹم ڈپریشن‘ سے بھی گزرنے کا اعتراف کیا۔
ثروت گیلانی کا شو کے دوران بتانا تھا کہ پہلے میرے ہاں دو بیٹوں کی پیدائش ہوئی مگر میں نے ’پوسٹ پارٹم ڈپریشن‘ کا تجربہ نہیں کیا تھا مگر تیسری اولاد، بیٹی کی پیدائش پر میں خود سرجری کے سبب بہت تکلیف میں تھی۔
اداکارہ کا بتانا تھا کہ چونکہ میرا آپریشن ہوا تھا اس لیے میری بیٹی سے پہلی ملاقات بھی اسپتال میں چار دن بعد ہوئی تھی، چار دن بعد میں نے جب اپنی بیٹی دیکھی تو اُسے دودھ پینے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا، اس دوران میرے ذہن میں اپنی بیٹی کو زمین پر گرا دینے جیسے خیالات آئے کہ اگر میں اسے گرا دیتی ہوں تو یہ ساری تکلیف اور پریشانی یہیں پر ختم ہو جائے گی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ایسے خیالات آنے پر میں زار و قطار رو پڑی اور پھر اپنے شوہر، اداکار فہد مرزا سے میں نے بات کی کہ میں اپنی بیٹی کو مار دینا چاہتی ہوں۔
ثروت گیلانی نے کہا کہ اس پر میرے شوہر نے مجھے بتایا کہ یہ پوسٹ پارٹم ڈپریشن ہے، بچے کی پیدائش کے بعد ایسے خیالات آنا معمول کی بات ہے، مجھے اس لیے ایسے خیالات آ رہے ہیں کیوں کہ میں ڈپریشن سے گزر رہی ہوں، میرے شوہر نے مجھے کہا کہ یہ میرے مستقل جذبات نہیں ہیں بس وقتی طور پر میں ایسا سوچ رہی ہوں۔
واضح رہے کہ اداکارہ ثروت گیلانی نے اداکار و نامور پلاسٹک سرجن فہد مرزا سے 2014ء میں شادی کی تھی۔
اس جوڑے کے دو بیٹے، روحان مرزا اور عریز محمد مرزا ہیں۔
اداکارہ کے ہاں دسمبر 2023ء میں تیسرے بچے اور پہلی بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔