• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی ٹیم کا شاندار استقبال، کھلاڑی بھنگڑے ڈالنے سے خود کو نہ روک سکے


ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی فاتح بھارتی ٹیم کا وطن واپسی پر شاندار استقبال کیا گیا۔

بھارتی ٹیم بارباڈوس سے خصوصی پرواز کے ذریعے آج صبح نئی دلی پہنچی۔ اس موقع پر کھلاڑیوں کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے لوگ پہلے سے ہی ایئر پورٹ پر موجود تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ایئر پورٹ سے کھلاڑیوں اور ان کے اہلخانہ کو بس کے ذریعے ہوٹل لے جایا گیا، یہاں بھی بھارتی ٹیم کا زبردست استقبال کیا گیا۔

ہوٹل کے باہر ڈھول اور میوزک کی آواز سن کر کپتان روہت شرما اور سوریا کمار یادیو خود کو نہ روک سکے اور دونوں نے ڈانس کیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ٹیم کے کھلاڑی آج وزیراعظم نریندر مودی سے بھی ملاقات کریں گے۔

یاد رہے کہ 29 جون کو بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقا کو 7 رنز سے شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیت لیا تھا۔