• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ان کو غلط فہمی ہے دھمکیوں سے کوئی ڈر جائے گا، پی ٹی آئی رہنما

پی ٹی آئی رہنما پریس کانفرنس کر رہے ہیں - فوٹو: اسکرین گریب
پی ٹی آئی رہنما پریس کانفرنس کر رہے ہیں - فوٹو: اسکرین گریب

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بھوک ہڑتالی کیمپ بانی پی ٹی آئی کی رہائی تک جاری رہے گا جبکہ اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ان کو غلط فہمی ہے ان کی دھمکیوں سے کوئی ڈر جائے گا۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ آج اسپیکر قومی اسمبلی کے ساتھ ملاقات ہوئی، قومی اسمبلی کے باہر بھوک ہڑتالی کیمپ لگایا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ عوامی نمائندوں کے اپنے حقوق کا تحفظ نہیں کیا گیا، اسپیکر کو بتایا کہ پی ٹی آئی کے ایم این ایز اور انکے اہلِ خانہ کو اٹھایا جارہا ہے۔ 

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ روزانہ تین سے 7 بجے تک علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ جاری رہے گا۔ بانی پی ٹی آئی اور اہلیہ کو بلاوجہ قید کر رکھا ہے، یہ کیمپ بانی پی ٹی آئی کی رہائی تک جاری رہے گا۔

سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ ان کو غلط فہمی ہے کہ ان کی دھمکیوں سے کوئی ڈر جائے گا۔ ہم نے اب تک جو کچھ بھی کیا قانونی طور پر کیا۔

انکا کہنا تھا کہ اس جعلی حکومت کے رہنے کا کوئی جواز نہیں، فوری مستعفی ہو۔ حکومتی اقدامات ملک میں انارکی پیدا کر رہے ہیں۔ مریم نواز نے عدلیہ کو جو دھمکایا ہم اس کی مذمت کرتے ہیں، مطالبہ کرتے ہیں مریم نواز کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔

انکا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے کہا کہ تحریک انصاف ایک سیاسی جماعت ہے، ہمارے دفتر کو کس قانون کے تحت سیل کیا گیا اور اسٹاف کو گرفتار کیا گیا؟

سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ جو بجلی گیس کے بل آرہے ہیں وہ سب کی برداشت سے باہر ہیں۔

پارٹی رہنما عمر ایوب کا کہنا تھا کہ یہ کیمپ بانی پی ٹی آئی سے اظہار یکجہتی کےلیے لگایا گیا ہے، بانی پی ٹی آئی کو ہاتھ جوڑ کر کہا آپ اڈیالہ جیل میں بھوک ہڑتال نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ رؤف حسن اور دیگر ساتھیوں کو حبس بےجا میں رکھا گیا ہے۔

عمر ایوب نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے آزادانہ منصفانہ انتخابات ہوں تاکہ ملک بحران سے نکلے، فارم 47 کی حکومت کی کشتی میں اتنا پانی آچکا ہے کہ اب بچانا ناممکن ہے۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ آج کی علامتی بھوک ہڑتال پی ٹی آئی کی سیاسی جدوجہد کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ ملک میں دو سال سے فسطائیت کا دور ہے، اس حکومت نے عوام کو مہنگائی کے عذاب میں جھونک دیا ہے، ان کی فسطائیت نے ملک کو اس ماحول میں لا کھڑا کیا ہے جہاں ترقی ممکن نہیں۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ جمعے کو ملک بھر میں بھرپور پُرامن احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ تحریک انصاف کی حکمت عملی کا حصہ ہے، علامتی بھوک ہڑتال اب پورے ملک میں پھیلائیں گے۔ بھوک ہڑتال سے کسی کو نہ کوئی ضررہے نہ تکلیف پہنچ رہی ہے، ہم احتجاج قانون اور آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین اور اہلیہ کو سیاسی قیدی بنا رکھا ہے، ان کی رہائی تک ہماری جہدوجہد جاری رہے گا۔

قومی خبریں سے مزید