• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کو شادی پر مہمانوں سے ملنے والے مہنگے ترین تحائف کی فہرست سامنے آگئی

فوٹوز بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
فوٹوز بشکریہ بین الاقوامی میڈیا 

بھارتی امیر ترین کاروباری شخصیت مکیش امبانی اور نیتا امبانی کے سب سے چھوٹے بیٹے اننت امبانی اور بہو رادھیکا مرچنٹ کو شادی پر کھیل کی دنیا سے، بالی ووڈ، ہالی ووڈ و بین الاقوامی شہرت یافتہ شخصیات کی جانب سے مہنگے ترین تحائف دیے گئے ہیں۔

اننت اور رادھیکا کی مہنگی ترین شادی پر اس جوڑے نے دنیا کے مہنگے ترین تحائف قبول کیے ہیں جن میں پرائیویٹ جیٹ سے لے کر ساحل سمندر کے ٹکرے سمیت ایک عالیشان سوئیٹ شامل ہے۔

اس نئی نویلی جوڑی کو ملنے والے تحائف کی فہرست درج ذیل ہے۔

بالی ووڈ ستاروں نے اننت اور رادھیکا کو بطور تحفہ کیا دیا ؟

’بالی ووڈ لائف‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ کے کنگ، شاہ رخ خان نے اس جوڑے کو پرتعیش تحفہ دیا ہے، کنگ خان اور اُن کی اہلیہ گوری خان نے اننت اور رادھیکا کو فرانس میں 40 کروڑ کا اپارٹمنٹ بطور تحفہ دیا ہے۔

دوسری جانب بچن خاندان نے جوڑے کو تحفے میں ایک زمرد کا ہار دیا ہے جس کی مالیت 30 کروڑ روپے ہے۔

اداکار سلمان خان نے اننت اور رادھیکا کو ایک نئی اسپورٹس بائیک تحفے میں دی ہے جس کی قیمت 15 کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے۔

بالی ووڈ انڈسٹری کے خوبصورت و کامیاب جوڑے رنویر سنگھ اور دیپیکا پڈوکون نے اِنہیں رولز رائس تحفے میں دی ہے جس کی قیمت 20 کروڑ ہے۔

اسی طرح شادی میں بطور مہمان شرکت کرنے والی جوڑی، اداکارہ عالیہ بھٹ اور اُن کے شوہر رنبیر کپور نے اننت اور رادھیکا کو 9 کروڑ روپے کی مالیت کی ایک مرسڈیز کار تحفے میں دی۔

نوبیاہتا فنکار جوڑے، کیارا ایڈوانی اور سدھارتھ ملہوترا نے اننت اور رادھیکا  کو ہاتھ سے بنائی گئی 25 لاکھ مالیت کی ایک شال بطور تحفہ دی ہے۔

بالی ووڈ کی باربی ڈول کترینہ کیف اور اداکار وکی کوشل نے اِنہیں 19 لاکھ مالیت کی سونے کی چین دی ہے۔

اداکار اکشے کمار، جو کہ بیمار ہونے کی وجہ سے شادی میں شرکت نہیں کر سکے تھے لیکن انہوں نے استقبالیہ میں شرکت کی تھی، اداکار نے جوڑے کو لیے انوکھا تحفہ پیش کیا ہے، انہوں نے اننت اور رادھیکا کو ایک سونے کا قلم تحفے میں دیا ہے جس کی کُل مالیت 60 لاکھ ہے۔

ہالی ووڈ و دیگر شخصیات نے نوبیاہتا جوڑے کو تحائف میں کیا دیا ؟

یاد رہے کہ اننت اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی میں کم کارڈیشان، خلو کارڈیشان، نک جوناس اور جان سینا جیسی بین الاقوامی مشہور شخصیات نے بھی شرکت کی تھی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایمیزون کے سابق صدر اور سی ای او جیف بیزوس نے اننت اور رادھیکا کو ایک بگاٹی بطور تحفہ دی ہے جس کی قیمت  11.50 کروڑ روپے ہے۔

دوسری جانب امریکی اداکار اور ڈبلیو ڈبلیو ای اسٹار جان سینا نے نوبیاہتا جوڑے کو  3 کروڑ روپے مالیت کی ایک لیمبورگینی تحفے میں دی ہے۔

اسی طرح فیس بک کے سی ای او مارک زکربرگ نے جوڑے کو پرائیویٹ جیٹ (ذاتی جہاز) بھیجا ہے جس کی مالیت 300 کروڑ ہے۔

بھارتی میڈیا ’انڈیا ٹائمز‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق بل گیٹس نے اننت کو ایک ہیرے کی انگوٹھی دی جس کی قیمت 9 کروڑ ہے جبکہ رادھیکا کو ایک لگژری یاٹ دی ہے جس کی قیمت 180 کروڑ ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید