• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شوبز ستارے ارشد ندیم کی کامیابی پر دل ہار گئے، انکی جیت کے لمحے کو فخریہ قرار دے دیا

--- فائل فوٹو
--- فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری کے ستاروں نے اولمپکس میں جیولن تھرو کے مقابلوں میں گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کرنے والے ارشد ندیم کو قوم کا فخر قرار دے دیا۔

مختلف سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر قوم کے ہیرو کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اداکارہ ماہرہ خان اور اداکار شہریار منور نے ایتھلیٹ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یقین کرلیں پاکستانی پرچم اولمپکس کے میدان میں بلند ہوچکا ہے۔

اداکارہ ثناء جاوید، رمشا خان اور اداکار احد رضا میر نے بھی اس تاریخی لمحے پر خوشی کا اظہار کیا۔

انہوں نے اس شاندار کامیابی پر ارشد ندیم کا شکریہ ادا کیا کہ ان کی وجہ سے پوری قوم فخر محسوس کر رہی ہے۔

اداکارہ کبریٰ خان اور سجل علی بھی انفرادی طور پر پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنے والے واحد کھلاڑی کو مبارک باد دینے سے پیچھے نہیں رہیں۔

انہوں نے انسٹااسٹوری شیئر کرتے ہوئے کھلاڑی کو مبارک باد پیش کی۔

اداکارہ ہانیہ عامر، حمائمہ ملک، اقراء عزیز نے بھی کھلاڑی کو مبارک باد پیش کی۔

اقراء عزیز نے ارشد ندیم کو انسٹااسٹوری میں ٹیگ کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے اپنی والدہ کے ساتھ ساتھ پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا جبکہ حمائمہ ملک نے پاکستان زندہ باد کا نعرہ بھی بلند کیا۔  

اداکارہ صںنم جنگ، حرا مانی اور کنزہ ہاشمی نے بھی ایتھلیٹ کو مبارک باد پیش کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار  کیا۔

انہوں نے ملک کے مشکل حالات کے دوران اس کامیابی سے خوشی کے چند لمحات دینے پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

اداکارہ ایمن خان نے ارشد ندیم کو چیمپیئن قرار دیا جبکہ عائزہ خان اور یمنیٰ زیدی نے انہیں ملک و قوم کا فخر قرار دیا اور نیا ریکارڈ قائم کرنے پر مبارک باد بھی پیش کی۔

گلوکار عاصإ اظہر ، اداکار ہمایو سعید، احمد علی بٹ، عثمان خالد بٹ سمیت دیگر کئی فنکاروں نے کھلاڑی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جبکہ گلوکار علی ظفر نے ان کے لیے 10 لاکھ روپے بطور انعام دینے کا بھی اعلان کیا۔

اداکار عثمان خالد بٹ نے ناصرف ارشد ندیم کو مبارک باد پیش کی، بلکہ انہوں نے ارشد ندیم کے لیے ان کے حریف نیرج چوپڑا کی والدہ کے پیغام پر بھی اظہار خیال کیا۔

ارشد ندیم کے لیے نیرج چوپڑا کی والدہ کا پیار و محبت دیکھ کر اداکار نے دعا کی کہ قومی ایتھلیٹ اور بھارتی ایتھلیٹ نیرج چوپڑا کی دوستی یوں ہی برقرار رہے اور پروان چڑھے۔



واضح رہے کہ پاکستان نے پیرس اولمپکس میں 40 سال بعد گولڈ میڈل جیتا ہے۔

پاکستان نے آخری مرتبہ 8 اگست 1992 کو اولمپکس میڈل پوڈیم پر قدم رکھا تھا جب قومی ہاکی ٹیم نے بارسلونا اولمپکس میں نیدرلینڈز کو تین کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ جیتا تھا جب کہ پاکستان نے آخری مرتبہ 1984 میں اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتا تھا جوکہ ہاکی ٹیم نے ہی دلوایا تھا۔

ارشد ندیم پاکستان کو انفرادی مقابلوں میں گولڈ میڈل دلوانے والے پہلے ایتھلیٹ ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید