پاکستان کے معروف اداکار و گلوکار علی ظفر نے اسکرین پر واپسی سے متعلق لب کشائی کردی۔
حال ہی میں اداکار نے فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر سوال و جواب کا سیشن رکھا۔
اس دوران اداکار سے ان کے مداح نے سوال پوچھا کہ آپ کی آخری فلم ’طیفا اِن ٹربل‘ کی شاندار کامیابی کے باوجود آپ نے مزید فلموں میں کام نہیں کیا؟
سوشل میڈیا پر مداح کی جانب سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے علی ظفر نے کہا، ’میں اپنا وقت لیکر واپس آؤں گا۔‘
اداکار نے مداح کو جواب دیتے ہوئے لکھا کہ میں فلم کروں گا۔ مجھے اپنے آپ کو وقت دینا پسند ہے۔ مجھے چوہے بلی کی دوڑ کا حصہ بننا نہیں پسند۔
ان کا کہنا تھا، ’مجھے زندگی سے لطف اندوز ہونا پسند ہے۔ تخلیقی صلاحیت کا تقاضا ہے کہ اس کی دیکھ بھال کی جائے۔ میں فن سے محبت کے لیے اس شعبے میں آیا ہوں اور یہ محبت بھی وقت کی مانگتی ہے۔‘
واضح رہے کہ 20 جولائی 2018 کو جیو کے بینر تلے ریلیز ہونے والی فلم ’طیفا اِن ٹربل‘ میں علی ظفر کے مدِ مقابل اداکارہ مایا علی تھیں، اس کے علاوہ جاوید شیخ، فیصل قریشی، ٹام کولسٹن اور نیئر اعجاز بھی فلم میں شامل تھے۔