1960 کی دہائی کی مقبول ترین پاپ گلوکارہ اور اداکارہ کونی فرانسس 87 برس کی عمر میں چل بسیں۔
ان کی موت کی تصدیق ان کے قریبی دوست رون رابرٹس نے کی، کچھ عرصہ قبل کونی فرانسس کو شدید جسمانی تکالیف کے باعث اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔
کونی فرانسس کا مقبول گانا Pretty Little Baby حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک اور انسٹاگرام پر دوبارہ مقبول ہوا، جس پر انہوں نے خود بھی ایک ویڈیو پوسٹ کی اور لکھا کہ 63 سال پرانی اپنی ریکارڈنگ پر پہلی بار لِپ سنک کر رہی ہوں۔
کونی فرانسس کا اصل نام کونچیٹا فرانکونیرو تھا، انہوں نے نوعمری میں ہی ٹی وی شو Startime Talent Scouts میں پہلا انعام جیتا اور کئی سالوں تک اس پر پرفارم کرتی رہیں۔
ان کے والد نے انہیں گانے Who’s Sorry Now ریکارڈ کرنے پر آمادہ کیا، جو بعد میں ان کا پہلا بڑا ہٹ ثابت ہوا، ان کے کئی مشہور گانے آج بھی یاد کیے جاتے ہیں، فرانسس نے 1960 کی دہائی میں کئی فلموں میں بھی کام کیا۔
ان کی زندگی کا ایک دور ایسا بھی آیا جسے انہوں نے خود غموں کی دہائی قرار دیا، 1974 میں نیویارک کے ایک ہوٹل میں ان سے زیادتی اور ڈکیتی کا واقعہ پیش آیا، جس کے بعد وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہوئیں، 1977 میں ایک ناک کی سرجری کے بعد وہ اپنی آواز سے محروم ہو گئیں، جس کے بعد کئی سرجریوں کے بعد ان کی آواز واپس آئی، اس کے ساتھ ہی وہ بائپولر ڈس آرڈر جیسے نفسیاتی مرض میں بھی مبتلا رہیں۔