پیرس اولمپکس 2024ء میں گولڈ میڈل جیت کر پاکستانیوں کے چہروں پر خوشی کے رنگ بھرنے والے ارشد ندیم نے انسٹاگرام پر بھی لمبی ترین چھلانگ لگائی ہے۔
فوٹو اینڈ ویڈیو ایپلیکیشن انسٹاگرام پر 24 گھنٹوں کے دوران ارشد ندیم کے فالوورز کی تعداد میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے۔
اولمپکس 2024ء میں شرکت سے قبل ارشد ندیم کے انسٹاگرام پر فالوورز کی 97 ہزار سے زائد تعداد تھی جو کہ راتوں رات 646,000 ہزار فالوورز تک پہنچ گئی ہے۔
انسٹاگرام کی تاریخ میں کسی بھی اکاؤنٹ پر فالوورز کی تعداد کا یہ حیران کُن اضافہ بھی اپنے آپ میں ایک مثال ہے۔
انسٹاگرام پر کچھ گھنٹوں کے دوران اس قدر شہرت کے مل جانے کا سبب اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کی تاریخی کامیابی ہے جس پر پورا ملک سرشار ہے۔
ارشد ندیم کی شاندار کارکردگی نے ناصرف پاکستانیوں کو خوشی دی ہے بلکہ عالمی سطح پر کھیلوں کے دلدادہ افراد کو بھی مسحور کر دیا ہے۔
دوسری جانب اولمپک چیمپن ارشد ندیم پاکستان کے لیے روانہ ہوگئے ہیں، وہ آج رات ایک بجے لاہور پہنچیں گے۔
ارشد ندیم پیرس اولمپکس میں جیولین تھرو کے مقابلے میں گولڈ میڈل جیت کر ایئرپورٹ سے آج پاکستان کے لیے روانہ ہوگئے ہیں۔
واضح رہے کہ ارشد ندیم نے پاکستان کو اولمپکس گیمز میں 40 سال بعد گولڈ میڈل جتوایا ہے۔
یہ انفرادی مقابلوں میں پاکستان کا پہلا گولڈ میڈل ہے۔
ارشد ندیم نے اولمپکس کی تاریخ کی سب سے بڑی اور لمبی 92.97 میٹر کی تھرو کر کے اولمپک ریکارڈ اور ایشیا ریکارڈ قائم کیے جبکہ جیولین تھرو کے فائنل راؤنڈ میں 2 بار 90 میٹر کا حدف عبور کر کے اولمپکس کی 116 سالہ تاریخ رقم کی ہے۔