پیرس اولمپکس میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کو جہاں پاکستان بھر سے کروڑوں روپے کے انعامات سے نوازہ جا رہا ہے ایسے میں ان کے سسر نے داماد کو تحفے میں بھینس دینے کا اعلان کر دیا۔
مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد نواز نے اپنے داماد کے گولڈ میڈل جیتنے پر انتہائی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بہت خوشی ہوئی ہے، میں اپنے داماد کا بھرپور استقبال کروں گا۔
داماد کو تحفہ دینے کا پوچھا گیا تو محمد نواز نے کہا کہ وہ اپنے داماد کو ایک بھینس تحفے میں دیں گے۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ میرے 4 بیٹے اور 3 بیٹیاں ہیں جن میں سب سے چھوٹی بیٹی کی شادی ارشد ندیم سے 6 سال قبل ہوئی تھی، ان کی بیٹی سے ارشد ندیم کے 3 بچے ہیں، جن میں 2 بیٹے اور ایک بیٹی ہے۔
محمد نواز نے بتایا کہ 2 بچے مقامی اسکول میں جاتے ہیں، بچی پہلی جماعت میں ہے جبکہ بچے نے اب اسکول جانا شروع کیا ہے اور تیسرا بیٹا چھوٹا ہے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ جب شادی ہوئی تھی تو اس وقت ارشد ندیم کیا کرتے تھے تو انہوں نے کہا کہ وہ چھوٹے موٹے کام کرتے تھے اور گھر پر ہی پریکٹس کرتے تھے، انہیں نیزے بازی کا بہت شوق تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ان کو داماد سے کبھی کوئی شکایت نہیں رہی، وہ جب بھی آتے تھے تو جو کچھ کھانے کے لیے دے دیتے تھے وہ کھا لیتے تھے۔