• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایوارڈز جیتنے میں بےشرم ہوں، انہیں 9 منزلہ دفتر میں رکھا ہوا ہے، شاہ رخ

بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان نے کہا ہے کہ میں ایوارڈز جیتنے کے معاملے میں بےشرم ہوں، اپنے ایوارڈ کسی الماری میں نہیں سجائے بلکہ انہیں رکھنے کےلیے ایک 9 منزلہ دفتر بنایا ہوا ہے۔ 

ایک حالیہ انٹرویو میں شاہ رخ نے ایوارڈز تقریبات کے بارے میں اپنی محبت کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے پاس ایک عام ٹرافی کیبنٹ نہیں بلکہ ایک مکمل لائبریری ہے۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے شاہ رخ کا کہنا تھا کہ انہوں نے انگریزی طرز کی لائبریری کی طرح اپنے ایوارڈز کےلیے لائبریری تیار کی ہے جہاں انکے تمام ایوارڈز موجود ہیں۔ 

شاہ رخ کا کہنا تھا کہ "مجھے ایوارڈ تقریبات بہت پسند ہیں، میں اس معاملے میں بے شرم ہوں! مجھے ایوارڈز حاصل کرنا بہت پسند ہے۔"

بالی ووڈ کے بادشاہ نے کہا کہ ان کے پاس ایک 9 منزلہ دفتر ہے اور ہر منزل پر کچھ ایوارڈز رکھے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ شاہ رخ خان نے 100 سے زائد فلموں میں کام کیا اور اپنی پرفارمنس سے ناصرف مداحوں کے دل جیتے بلکہ متعدد ایوارڈز بھی اپنے نام کیے جن میں 14 فلم فیئر ایوارڈز بھی شامل ہیں۔

انہیں 2005 میں بھارتی حکومت کی طرف سے پدما شری اور 2007 اور 2014 میں فرانسیسی حکومت کی جانب سے آرڈر آف آرٹس اینڈ لیٹرز اور لیجن آف آنر کے اعزازات دیے گئے۔

ان کے بین الاقوامی ایوارڈز میں ملائشیا کا برانڈ لیورئیٹ لیجنڈری ایوارڈ (2012) اور برطانیہ کا گلوبل ڈائیورسٹی ایوارڈ (2014) شامل ہیں۔

واضح رہے کہ شاہ رخ خان اپنی پہلی فلم دیوانہ سے لے کر اپنی اب تک کی آخری فلم جوان تک 300 سے زائد ایوارڈز اپنے نام کرچکے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید