پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ کراچی سے راولپنڈی منتقل کر دیا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق اب دونوں ٹیسٹ میچز راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔
پی سی بی نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ تعمیراتی ماہرین سے مشورے کے بعد کیا گیا ہے، اس پر تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی گئی۔
کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ کراچی ٹیسٹ تماشائیوں کے بغیر ہونا تھا، راولپنڈی میں شائقین دونوں ٹیسٹ میچ دیکھ سکیں گے۔
پی سی بی نے کہا ہے کہ پاکستان شاہینز اور بنگلا دیش اے کی سیریز اسلام آباد میں معمول کے مطابق جاری رہے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ 21 اگست اور دوسرا ٹیسٹ 30 اگست کو شروع ہو گا۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں چیمپئنز ٹرافی کے لیے تعمیراتی کام کے باعث ٹیسٹ میچ منتقل کیا گیا ہے۔