• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مجھے جلتا دیکھ کر والد بے ہوش ہو گئے تھے: کومل عزیز


پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف اداکارہ اور کاروباری خاتون کومل عزیز نے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ ان کے والد جب 50 برس کے تھے تو کافی منتوں اور مرادوں کے بعد ان کی پیدائش ہوئی، بچپن میں خود کو گرم چائے سے جلا لیا تھا، جسے دیکھ کر والد بے ہوش ہو گئے تھے۔

حال ہی میں نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں اداکارہ نے شرکت کی اور اپنے بچپن کی خوبصورت یادوں کو تازہ کیا۔

دورانِ پروگرام انہوں نے بتایا کہ دادی کافی بیمار رہتی تھیں اس لیے والد ان کا خیال رکھتے تھے، اسی وجہ سے انہوں نے دادی کے انتقال کے بعد 45 برس کی عمر میں شادی کی اور شادی کے 5 سال بعد اللّٰہ تعالیٰ نے میرے والد کو 2 بیٹیوں سے نوازا، جن کی انہوں نے بہت ناز نخروں سے پرورش کی۔

انہوں نے بتایا کہ والد ہم دونوں بہنوں سے شدید محبت کرتے تھے، ہماری پیدائش کے بعد ان کی زندگی بدل گئی تھی، وہ ہم دونوں کے ساتھ کھیلتے تھے، پاکستان میں شاید ہی کوئی والد ہمارے والد جیسا ہو گا۔

اداکارہ نے بتایا کہ انہیں اپنے والد سے زیادہ والدہ سے ڈر لگتا تھا، بچپن میں والد بالکل اس طرح خیال رکھتے تھے جیسے عام طور سے والدہ رکھتی ہیں، ملازمت کے دوران بھی انہیں یہ ہی فکر ستاتی تھی کہ بچیوں کو کیا کھلائیں پلائیں کہ ان کی صحت اچھی ہو جائے۔

کومل عزیز نے بتایا کہ بچپن میں ایک دفعہ سالگرہ کا موقع تھا، کچن میں تیز گرم چائے رکھی تھی، اسی کے ساتھ غبارے بھی رکھے ہوئے تھے، اس وقت میں 2 برس کی تھی، غبارے لینے کے لیے دوڑ پڑی اور گرما گرم چائے اپنے اوپر گرا لی، یہ دیکھ کر میرے والد اتنا گھبرا گئے کہ ان پر بے ہوشی کی کیفیت طاری ہو گئی جبکہ والدہ نے ہوش و حواس سے کام لیا اور مجھے فوری طبی امداد دی پھر اسپتال لے جایا گیا۔

دورانِ شو انہوں نے جذباتی ہوتے ہوئے بتایا کہ میرے والد کا انتقال 8 برس قبل ہو گیا اور آج بھی انہیں بہت یاد کرتی ہوں۔