نائیجل فریگ ریفارمز یوکے پارٹی کی طرف سے غیر قانونی تارکین وطن اور مجرمان کو واپس لینے سے انکار کرنیوالے پاکستان سمیت دیگر ممالک پر ویزا پابندی لگانے کا مطالبہ سامنے آ گیا۔
نئے شیڈو ہوم سیکرٹری ضیا یوسف کے ذریعے پاکستان‘ صومالیہ‘ اریٹیریا، شام، افغانستان اور سوڈان کے سفارت کاروں، وی آئی پیز، کارکنوں، طلباء اور سیاحوں پر مکمل ویزا پابندی عائد کرنیکا اشارہ دیا گیا ہے۔
برطانوی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان گزشتہ سال 1 لاکھ ساٹھ ہزار سے زائد ویزوں کیساتھ سرفہرست رہا مگر پناہ کے ناکام متلاشیوں میں سے صرف 7 فیصد کو واپس لیا گیا۔
پاکستان کی طرف سے راچڈل گرومنگ گینگ کے ملزمان کو بھی واپس لینے سے انکار کیا گیا جنہیں 2012 میں تقریباً 4 درجن سے زائد لڑکیوں سے جنسی زیادتی کے جرم میں جیل بھیج گیا۔
حالیہ اقدام امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے 75ممالک پر ویزا پابندی کے اقدام کی عکاسی کرتا ہے‘ نئے شیڈوم ہوم سیکرٹری کا کہنا ہے کہ یورپی یونین کیساتھ برطانیہ کے بریگزٹ معاہدے پر دوبارہ بات چیت کا سلسلہ بھی شروع ہو سکتا ہے۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ تین افریقی ممالک نمیبیا، انگولا اور ڈی آر کانگو‘ ہوم سیکرٹری شبانہ محمود کی طرف سے ٹرمپ طرز کی ویزا پابندیوں کی دھمکی کے بعد ہزاروں جلاوطن مجرموں اور غیر قانونی تارکین وطن کو واپس لینے پر رضامند ہو گئے جبکہ ایک نئی قانون سازی کی بھی تیاری کی جا رہی ہے نئی قانون سازی ملک بدری میں ججز کی مداخلت روکنے کیلئے استعمال ہو گی۔