• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سحر خان نے ہراسانی کے بڑھتے واقعات سے پریشان ہو کر ٹیزر خرید لیا

اداکارہ سحر خان—فائل فوٹو
اداکارہ سحر خان—فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سحر خان نے ہراسانی کے بڑھتے ہوئے واقعات سے پریشان ہو کر اپنی حفاظت کے لیے ٹیزر خرید لیا۔

سحر خان نے اپنی انسٹا اسٹوری پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں اُنہیں اپنی گاڑی میں ہاتھ میں ٹیزر پکڑے دیکھا جا سکتا ہے۔

اُنہوں نے اپنی انسٹا اسٹوری پر لکھا ہے کہ یہ بہت افسوس ناک بات ہے کہ ان دنوں شہر میں ہراسانی کے واقعات بہت بڑھ چکے ہیں جو عام ہوتے جا رہے ہیں اور  میں تمام لڑکیوں کو یہ یاد دلانا چاہتی ہوں کہ وہ اپنی حفاظت کے معاملے پر سنجیدگی کا مظاہرہ کریں ۔

اداکارہ نے لکھا ہے کہ میں نے حال ہی میں اپنی حفاظت کے لیے ایک ٹیزر خرید لیا ہے اور آپ لوگوں پر بھی زور دوں گی  کہ آپ لوگ بھی اپنی حفاظت کے لیے اپنے ساتھ کچھ نہ کچھ رکھیں جس کی وجہ سے آپ خود کو محفوظ سمجھیں، پھر چاہے وہ ٹیزر ہو یا کوئی بھی اور چیز ہو۔

سحر خان نے ٹیزر کے بارے میں بتاتے ہوئے لکھا کہ یہ بہت مناسب داموں مل جاتا ہے اور بہت آرام سے آن لائن بھی خریدا جا سکتا ہے۔

اُنہوں نے مزید لکھا کہ میں نے اپنی بہنوں کو بھی یہ کہا ہے اور آپ لوگوں کو بھی یہی کہہ رہی ہوں کہ اپنی حفاظت کا خیال رکھیں۔

سحر خان نے یہ بھی لکھا ہے کہ یاد رکھیں ہراساں کرنے والے لوگ بہت بزدل ہوتے ہیں، اس لیے ہمیں ہمیشہ مضبوط اور اپنے تحفظ کے لیے تیار رہنا چاہیے۔

واضح رہے کہ خواتین اکثر اپنے دفاع کے لیے ٹیزر اپنے پاس رکھتی ہیں کیونکہ یہ آلہ اپنے تیز کرنٹ کے شاکس کی وجہ سے مجرموں کو قریب آنے سے باز رکھتا ہے، اسے مغربی ممالک میں پولیس بھی مجرموں کو قابو کرنے کے لیے استعمال کرتی ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید