• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

ڈیلس میں جشن آزادی میلہ، پاکستانی گلوکاروں کی بھرپور پرفارمنسز


امریکا بھر میں ماہ اگست کے دوران جشن آزادی پاکستان کا جشن جاری ہے، پاکستان امریکن پیٹریاٹ ایسوسی ایشن (پاپا) کے زیر اہتمام ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلس میں پاکستان کا جشن آزادی میلہ انتہائی جوش و خروش سے منایا گیا۔

اس آزادی میلے میں ڈیلس فورٹ ورتھ میٹروپلیکس سمیت دیگر شہروں میں بسنے والے پاکستانی امریکیوں کی ایک بڑی تعداد نے اہل خانہ کے ہمراہ شرکت کی۔ پاکستان سے آئے ہوئے معروف گلوکار علی حیدر، شہزاد اوپل، ہادی اوپل اور ملائیکہ فیصل نے اپنی بہترین پرفارمنسز کے ذریعے میلہ لوٹ لیا۔

اس موقع پر منتظمین کی جانب سے پاکستانی روایتی کھانوں کے اسٹالز بھی لگائے گئے جبکہ کپڑے، جیولری اور عوامی سہولیت کی سروسز سے متعلق اسٹالز بھی لگائے گئے تھے جو حاضرین کی توجہ کا مرکز رہے۔

آزادی میلے میں شریک خواتین، بچے، بوڑھے جوان سبھی پاکستانی پرچم لہراتے نظر آئے اور ملی نغموں پر جھومتے اور وطن عزیز سے بھرپور محبت کا اظہار کرتے دکھائی دیے۔

ان کا کہنا تھا وہ سب یہاں امریکا میں بھی اپنے وطن پاکستان کو یاد رکھتے ہیں اور اسکی تعمیر و ترقی کےلیے دعاگو ہیں کیونکہ دل تو پاکستانی ہے۔

اس موقع پر آزادی میلے کے روح رواں اور پاکستان امریکن پیٹریاٹ ایسوسی ایشن کے صدر انعام اللّٰہ شیروانی نے کہا کہ وہ گذشتہ کئی برس سے پاکستان کا جشن آزادی منانے کےلیے آزادی میلہ سجاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہال شرکاء سے بھرا ہوا ہے، ہاؤس فل شو جو اس میلے کی کامیابی کی ضمانت ہے۔ لوگوں نے ناصرف گلوکاروں کی پرفارمنسز کو پسند کیا بلکہ یہاں لگے اسٹالز سے خریداری بھی کی اور پاکستانی کھانوں سے لطف اندوز ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ اس کامیابی پر میں پاپا کی پوری ٹیم اور رضاکاروں کا تہہ دل سے مشکور ہوں اور اس آزادی میلے کے تمام اسپانسرز کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جن کی مدد کے بغیر اتنے بڑے میلے کا انعقاد ممکن نہ تھا۔

آزادی میلے میں سبز لباس میں ملبوس، سبز ہلالی پرچم لہراتی پاپا کی نائب صدر ڈاکٹر رابعہ خان نے کہا کہ آزادی ایک بہت بڑی نعمت ہے، اسکی اہمیت فلسطین اور یوکرین کے عوام سے پوچھیے۔ ہم امریکا میں رہ کر بھی وطن عزیز کی آزادی کی قدر کرتے ہیں اور اس دن کو ہم سب مل کر انتہائی جوش و خروش سے منا رہے ہیں۔ لوگ شو کو انجوائے کر رہے ہیں اور ہال لوگوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا ہے۔

پاپا کے جنرل سیکریٹری اِفتی خان نے امریکا سمیت دنیا بھر میں بسنے والے تمام پاکستانیوں کو جشن آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس کامیاب شو کے انعقاد پر وہ تمام شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور پاپا کی پوری ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔

اپنی پرفارمنس کے بعد پاکستانی پاپ اسٹار شیراز اوپل نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈیلس آزادی میلہ شو ایک بہترین شو رہا، یہاں بسنے والے پاکستانی امریکی بہت محبت کرنے والے ہیں، ان میں مجھے بڑی حب الوطنی نظر آئی۔

ساتھ ہی ہادی اوپل نے کہا کہ میں اپنے لیے فخر محسوس کر رہا ہوں کہ میں وطن سے دور وطن کی نمائندگی کرنے یہاں آیا۔ مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ دیار غیر میں بھی آج تک حب الوطنی کا جذبہ ان کے دلوں میں بستا ہے۔

معروف گلوکار علی حیدر کا کہنا تھا کہ ہم بتانا چاہتے ہیں کہ ہم پاکستان سے دور ضرور ہیں لیکن یہاں بھی ہم پاکستان کا جشن آزادی بہت جوش و خروش سے منا رہے ہیں۔

ڈیلس آزادی میلے میں یہاں قومی سطح پر امریکی پاکستانیوں کی نمائندہ تنظیم اے پی پیک کے ڈیلس چیپٹر نے خصوصی اسٹال لگایا جس پر پاک پیک چیپٹر کی ٹیم امتیاز راہی کی سربراہی میں موجود تھی۔

آزادی میلے میں حاضرین نے پاکستان امریکن پیٹریاٹ ایسوسی ایشن (پاپا) کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں بھی اس سطح کے شوز اور میلے منعقد کرواتے رہیں گے۔

قومی خبریں سے مزید
خاص رپورٹ سے مزید