• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یومِ دفاع: مزارِ قائد پر تبدیلیٔ گارڈز کی پُروقار تقریب

—جیو نیوز گریب
—جیو نیوز گریب

آج 6 ستمبر کو یومِ دفاع کے موقع پر کراچی میں بانیٔ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح ؒ کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پُر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

پاکستان ایئر فورس اصغر خان اکیڈمی کے چاقو و چوبند دستے، کیڈٹس نے گارڈ کے فرائض سنبھال لیے۔

اس موقع پر تقریب کے مہمانِ خصوصی ایئر وائس مارشل شہریار نے مزارِ قائد پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی، پھولوں کی چادر رکھی۔

یومِ دفاع کے موقع پر تینوں مسلح افواج کے نمائندوں نے مزارِ قائد پر حاضری دی، پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔

اس موقع پر تینوں مسلح افواج کے نمائندوں نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی درج کیے۔

’شہدا کے شکر گزار ہیں‘

ایئر وائس مارشل شہریار خان نے کہا ہے کہ مزارِ قائد پر گارڈز کی ذمے داریاں سنبھالنا ایئر فورس کے لیے اعزاز ہے۔

ایئر وائس مارشل شہریارخان نے کہا کہ دشمن کو پیغام ہے ہماری امن پسندی کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ کے دستوں نے دشمن کو ایک انچ بھی آگے نہ بڑھنے دیا، پاک فضائیہ 1965ء کے دوران قوم کی امیدوں پر پوری اتری، آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔

ایئر وائس مارشل شہریارخان نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ کے اہلکاروں کو جدید ٹریننگ دی جا رہی ہے، پاکستان کا امن ہماری اولین ترجیح ہے۔

ایئر وائس مارشل شہریارخان نے مزید کہا کہ مظلوم کشمیری اور فلسطینیوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہیں، پوری قوم شہداء کی بہادری کو قابل احترام سمجھتی ہے، شہداء کے شکر گزار ہیں۔

دوسری جانب ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل اظہر وقاص نے بھی مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔

میجر جنرل اظہر وقاص نے مزارقائد پر پھول رکھے اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کیے۔

سی ویو پر تقریب کا انعقاد

یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر سی ویو پر واقع نشانِ  پاکستان  پر بھی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں شہداء کے لواحقین، کراچی کے رہائشیوں، فنکاروں اور طلبہ نے بھی شرکت کی۔

اسکول کے طلبہ کی جانب سے ملی نغمے پڑھے گئے اور  ٹیبلوز پیش کیے گئے۔

قومی خبریں سے مزید