• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنگِ ستمبر کے موقع پر جذبۂ قومی یکجہتی سرمایۂ افتخار ہے: آرمی چیف

پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر—فائل فوٹو
پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر—فائل فوٹو

پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ 6 ستمبر کا دن تاریخ میں یومِ دفاعِ وطن کے نام سے نمایاں حیثیت رکھتا ہے، آج کے دن افواج نے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملائے تھے۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یومِ دفاعِ پاکستان کے موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ جنگِ ستمبر کے موقع پر قومی یک جہتی کا جذبہ ہمارے لیے سرمایۂ افتخار ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ قومی اتحاد و یک جہتی کے جذبے سے سر شار افواج سرحدوں کا تحفظ کر رہی ہیں، معرکۂ ستمبر میں افواج کا جرأت و بہادری کا مظاہر ہ آئندہ نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ شہداء ہمارے لیے مقدم ہیں، شہداء اور ان کے اہلِ خانہ کی حرمت و حفاظت کی ذمے داری بطریقِ احسن انجام دینا جانتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایمان، تقویٰ اور جہادِ فی سبیل اللّٰہ دشمنوں سے نمٹنے کے لیے ہمارا بڑا ہتھیار ہیں، دہشت گردی کے عفریت کو بہادری اور جواں مردی سے افواج نے قابو کیا۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیرنے کہا کہ فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوشوں سے آج پاکستان محفوظ ہے، ڈیجیٹل دہشت گردی اور ففتھ جنریشن جنگ نئے چیلنجز کے طور پر سامنے آ رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ روایتی دہشت گردی کے برعکس ڈیجیٹل دہشت گردی زیادہ خطرناک اور پیچیدہ ہے، ملک دشمن عناصر، غیر ملکی اداروں کے اشتراک نے ڈیجیٹل دہشت گردی کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے یہ بھی کہا ہے کہ وطن کی سلامتی اور خوش حالی کے عزم کے ساتھ عہد کریں کہ ہم متحد رہیں گے، عہد کریں کہ اختلافات بھلا کر مثالی یک جہتی اور ہم آہنگی کا مظاہرہ کریں گے، جب تک ہم متحد رہیں گے، دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔

قومی خبریں سے مزید