• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رہائشی علاقے میں تیندوے کا پالتو کتے پر حملہ


بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے شہر پونے میں تیندوے نے رہائشی علاقے کی ایک گلی میں پالتو کتے پر حملہ کرتے ہوئے اسے شکار کر لیا، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پونے میں جُنر تحصیل کے رہائشی بار بار تیندوے کی موجودگی کی وجہ سے خوف میں مبتلا ہیں۔ گزشتہ رات بھی تیندوے نے  نارائن گاؤں  میں ایک شہری کے پالتو کتے پر حملہ کردیا، جس کی سی سی ٹی وی ویڈیو بھی سامنے آگئی۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تیندوا رات 11 بجے ایک تاریک گلی سے نمودار ہوتا ہے اور ایک پالتو کتے کو منہ میں پکڑ کر بھاگ جاتا ہے۔ کتا مقامی رہائشی کا تھا۔ ایک اور کتا تیندوے کا پیچھا کرتا ہوا گلی تک آیا، مگر تیندوا اپنے شکار کے ساتھ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

اس واقعے نے مقامی لوگوں کو خوفزدہ کر دیا اور انہوں نے محکمہ جنگلات سے فوری طور پر تیندوے کو پکڑنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اس سے قبل تقریباً ایک ماہ پہلے بھی پونے کے مضافات میں راجارام باپو انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے کیمپس میں بھی تیندوا دیکھا گیا تھا۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ جُنر اُن چار تحصیلوں میں شامل ہے جنہیں جون میں "ممکنہ تیندوا آفت زدہ علاقے" قرار دیا گیا تھا۔ ان چار تحصیلوں میں 233 دیہات شامل ہیں۔

دوسری جانب محکمہ جنگلات نے بھارت کی مرکزی وزارت جنگلات کے جنگلی حیات کے ڈائریکٹر جنرل سے 47 تیندوؤں کی نس بندی کرنے کی منظوری مانگ لی۔