• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی خاتون پولیس اہلکار نے فلمی انداز میں سڑک پر بڑا حادثہ ہونے سے بچا لیا


امریکا کی ایک خاتون پولیس اہلکار نے فلمی انداز میں سڑک پر بڑا حادثہ ہونے سے بچا لیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق 12 ستمبر کو امریکی ریاست مشی گن میں شہریوں نے ایک شخص کو عجیب و غریب طریقے سے سڑک پر گاڑی چلاتے ہوئے دیکھا جس کی اطلاع پولیس اہلکاروں کو دی گئی، اس موقع پر گاڑی بہت آہستہ رفتار سے چل رہی تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس اہلکاروں نے فوری ہی اپنی گاڑی کا سائرن آن کر کے اُس گاڑی کے پیچھے لگا دی اور بعد ازاں پولیس اہلکار گاڑی 63 سالہ ڈرائیور کی گاڑی کے بالکل نزدیک لے آیا لیکن گاڑی میں سوار شخص نہیں رُکا جس کی حالت خراب دکھائی دے رہی تھی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق گاڑی میں موجود شخص گاڑی روکنے میں ناکام رہا تو اسی وقت خاتون پولیس اہلکار نے چلتی گاڑی کی کھڑکی سے دوسری گاڑی میں داخل ہو کر 63 سالہ ڈرائیور کی گاڑی کا بریک لگایا۔

یہ تمام واقعہ سڑک پر لگے سی سی ٹی وی کیمرے میں محفوظ ہو گیا جس کے بعد خاتون پولیس اہلکار کو ایکشن فلم کا ہیرو قرار دیا جا رہا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بتایا گیا ہے کہ گاڑی میں سوار 63 سالہ ڈرائیور کی واقعے کے وقت طبیعت بگڑ گئی تھی اور خوش قسمتی سے اُس نے اُس وقت ایکسلریٹر کے بجائے بریک پر پاؤں رکھا ہوا تھا جس سے گاڑی کی رفتار آہستہ ہو گئی تھی۔

دوسری جانب ویڈیو سامنے آنے کے بعد دونوں پولیس اہلکاروں کی بھی تعریف کی جا رہی ہے۔