اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ لبنان کی مزاحمتی تحریک حزب اللّٰہ کے سربراہ حسن نصراللّٰہ کی شہادت کے بعد فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے چیف یحیٰ سنوار نے اپنی لوکیشن تبدیل کردی۔
اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ یحیٰ سنوار نے اپنی سیکیورٹی ٹیم بھی تبدیل کر دی جبکہ حماس رہنماؤں نے لبنان میں سرگرمیاں محدود کردی ہیں۔
اس سے قبل لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللّٰہ نے سربراہ حسن نصر اللّٰہ کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے اسرائیل کے خلاف جنگ جاری رکھنے کا عزم کیا۔
حزب اللّٰہ نے تصدیق کی کہ سربراہ حسن نصر اللّٰہ شہید ہوگئے۔ حزب اللّٰہ کے لبنانی چینل المنار پر حسن نصراللّٰہ کی شہادت کا اعلان کیا گیا۔
لبنانی مزاحمتی تحریک حزب اللّٰہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے خلاف غزہ، فلسطین کی حمایت میں جنگ جاری رہے گی، لبنان اور اس کے قابل قدر عوام کے دفاع میں اسرائیل کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔
خبر ایجنسی کے مطابق حزب اللّٰہ نے اپنے بیان میں حسن نصراللّٰہ کی شہات کیسے ہوئی یہ نہیں بتایا، اسرائیل نے گزشتہ روز بیروت پر حملے میں حسن نصراللّٰہ کے مارے جانے کا کہا تھا۔
حماس نے حزب اللّٰہ سربراہ حسن نصراللّٰہ کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
عراقی رہنما مقتدیٰ الصدر نے بھی حسن نصراللّٰہ کی شہادت پر گہرے رنج کا اظہار کیا۔
اس سے قبل اسرائیلی فوج نے حزب اللّٰہ کے سربراہ سید حسن نصر اللّٰہ کو فضائی حملے میں شہید کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔