7 اکتوبر 2023 کے بعد سے اسرائیلی فوج نے مزاحمتی تنظیموں کے اہم رہنماؤں کو نشانہ بنایا، جن میں حماس کے سیاسی سربراہ اسماعیل ہنیہ اورصالح العروی بھی شامل ہیں۔
اسرائیل کے بیروت میں تازہ حملوں میں گزشتہ روز لبنان کی مزاحمتی تحریک حزب اللّٰہ کے سربراہ حسن نصراللّٰہ بھی شہید ہوگئے، جس کے بعد شہید اسماعیل ہنیہ اور صالح العروی کے ساتھ ان کی ایک یادگار تصویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔
لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللّٰہ نے سربراہ حسن نصر اللّٰہ کی شہادت کی تصدیق کردی اور اسرائیل کے خلاف جنگ جاری رکھنے کا عزم کیا ہے۔
اس سے قبل 31 جولائی 2024 کو حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی بھی شہادت ہوئی، وہ ایران کے دارالحکومت تہران میں نئے ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے موجود تھے۔
اسرائیل نے حماس کے رہنما صالح العروری کو 2 جنوری 2024ء کو بیروت کے مضافاتی علاقے میں ڈرون حملے میں شہید کیا تھا، وہ حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے بانی تھے۔
تاہم اب تینوں شہید رہنماؤں کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے، جس میں انہیں خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے۔
یاد رہے کہ اسرائیلی فوج نے گزشتہ روز حزب اللّٰہ کے سینئر رہنما علی کرکی کے بھی فضائی حملے میں شہید کیے جانے کا دعویٰ کیا، اسرائیل نے گزشتہ روز بیروت میں بنکر بسٹر میزائل حملہ کیا تھا جس کا ہدف حسن نصر اللّٰہ تھے۔