ایرانی میڈیا نے اسرائیل پر داغے جانے والے سینکڑوں بیلسٹک میزائلوں کی ویڈیو جاری کی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی میڈیا کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نامعلوم مقام سے 2 مرحلوں میں سینکڑوں میزائل اسرائیل پر فائر کیے گئے۔
ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے پہلی بار ہائپر سونک الفتح میزائل کا استعمال کیا ہے۔
پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے 90 فیصد میزائلوں نے کامیابی سے اسرائیل میں اپنے اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ یہ حملہ اسرائیل کی جانب سے حماس اور حزب اللّٰہ کے رہنماؤں کی حالیہ شہادتوں، لبنان میں جاری جارحیت اور غزہ میں ہونے والی نسل کشی کی جنگ کا بدلہ ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ اگر صہیونی ریاست نے ایران پر حملہ کیا تو تباہ کن حملوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ایرانی وزیرِ دفاع بریگیڈیئر جنرل عزیز ناصر زادہ کا کہنا ہے کہ منگل کو کیا گیا حملہ اسلامی جمہوریہ ایران کی صلاحیت کا صرف ایک نمونہ ہے۔