• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملتان میں لیڈی ٹیچر کو دن دہاڑے فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا


 ملتان میں گھر سے اسکول جانے والی لیڈی ٹیچر کو دن دہاڑے فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا۔ ملزم ٹیچر کا پیچھا کرتا رہا۔ سر پر ایک ہی گولی ماری اور موبائل فون اٹھا کر فرار ہوگیا۔

ملتان کے علاقہ گلزیب کالونی میں صبح تک سب کچھ معمول کے مطابق تھا۔بچے اسکول جا رہے تھے، اسکول جانے والوں میں نجی اسکول کی لیڈی ٹیچر بھی تھی۔

ٹیچر کے پیچھے ایک شخص بھی نظر آرہا تھا جس کو وہ بار بار دیکھ رہی تھی، اچانک ملزم نے قریب آکر خاتون کے سر میں گولی مار دی، جس سے ٹیچر زمین پر گر گئی، ملزم نے موبائل فون اٹھایا اور فرار ہوگیا۔ اس سارے منظر میں بچے بھی خوف زدہ ہوکر بھاگنے لگے۔

ایس پی کینٹ طاہر مجید نے جیو نیوز کو بتایا کہ مقتولہ ٹیچر کی شناخت صفورا تیمور کے نام سے ہوئی ہے۔ امکان ہے ملزم خاتون کو پہلے سے جانتا تھا۔سر میں گولی مارنا ظاہر کرتا ہے کہ ملزم خاتون کو جان سے مارنا چاہتا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم فائرنگ کے بعد خاتون کا موبائل فون اٹھا کر فرار ہوگیا۔ سی سی ٹی وی ویڈیو کی مدد سے ملزم کا سراغ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں، جلد ہی ملزم تک پہنچ جائیں گے۔

مقتولہ کی والدہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا، مقتولہ کی والدہ نے نامعلوم ملزمان کےخلاف مقدمہ درج کروایا ہے۔

قومی خبریں سے مزید