• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی دارالحکومت میں غیر ملکی مہمانوں کی آمد، سیاسی سرگرمیاں بھی جاری

اسلام آباد (فاروق اقدس) وفاقی دارالحکومت میں جہاں ایک طرف غیر ملکی مہمانوں کی آمد کا آغاز ہورہا ہے اور آنے والے دنوں میں اسلام آباد میں ہونے والی اہم شخصیات کی مصروفیات کو بین الاقوامی صورتحال کے تناظر میں دیکھا جائے گا وہیں دوسری طرف سیاسی سطح پر بھی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری ہے اور ان سرگرمیوں کا محور عدالتی اصلاحات کے آئینی ترمیم کا پیکج ہے۔ بدھ کو سعودی عرب کے اعلیٰ سطح کے وفد کی آمد اس سلسلے کا آغاز ہے جبکہ چین کے وزیراعظم لی کیانگ اور روسی وزیراعظم میخائل ولادیمیرووچ مشہوسٹن آئندہ ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر پاکستان بین الاقوامی سطح پر توجہ کا مرکز بن گیا۔ اسلام آباد میں سفارتی ذرائع کے مطابق آئندہ ہفتے دو بڑی جوہری اور ویٹو طاقتوں کے وزرائے اعظم پاکستان آئیں گے۔ چین کے وزیراعظم لی کیانگ 14 اکتوبر کو پاکستان پہنچیں گے، ان کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی پاکستان پہنچے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چین کے وزیراعظم کا تین روزہ دورہ پاکستان دو حصوں پر مشتمل ہوگا۔

اہم خبریں سے مزید