نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 91 الزامات کے سائے میں دوسری صدارتی مہم شروع کی تھی۔
انتخابی مہم کے دوران ان پر قاتلانہ حملہ بھی کیا گیا، وہ امریکی تاریخ کے تیسرے صدر ہیں جن کا مواخذہ کیا گیا، لیکن وہ بری ہوگئے۔
اپنے دورِ صدارت میں ٹرمپ نے فوجی فنڈز کا رخ امریکا، میکسیکو سرحد پر دیوار کی تعمیر کی طرف موڑا، غیر قانونی تارکین وطن کےلیے خاندانی علیحدگی کی متنازع پالیسی نافذ کی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے پہلے دور میں 7 مسلم ممالک سے لوگوں کی امریکا آمد پر پابندی لگائی۔
اُس دوران ٹرمپ نے امریکا کو پیرس ماحولیاتی معاہدے اور ایرانی جوہری معاہدے سے علیحدہ کر دیا۔
امریکی سفارت خانہ تل ابیب سے مقبوضہ بیت المقدس منتقل کیا، ملک میں ریکارڈ ٹیکس چھوٹ دی، چین سے تجارتی جنگ چھیڑی اور شمالی کوریا میں قدم رکھنے والے پہلے امریکی صدر بنے۔
اپنے صدارتی دور میں ٹرمپ نے کورونا وائرس کے خلاف غیر سائنسی اقدامات کو فروغ دیا اور امریکا میں اِس وبا سے 4 لاکھ اموات ہوئیں۔
2020ء کے صدارتی انتخابات میں شکست تسلیم نہ کرنے کے ساتھ ساتھ انہوں نے دھاندلی کے الزامات لگائے، انتخابی فراڈ کے 60 سےزائد دعووں پر انہیں عدالتوں میں شکست ہوئی۔
ڈونلڈ ٹرمپ پر یہ الزام بھی ہے کہ اُنہوں نے 2020ء کا الیکشن ہارنے پر اپنے حامیوں کو کیپیٹل ہل کے باہر جمع کیا، اُس جتھے نے کیپیٹل ہل پر ہلہ بولا، جس دوران 5 لوگ ہلاک ہوئے۔