راولپنڈی اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت کے موقع پر بانیٔ پی ٹی آئی کو کمرۂ عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ بشریٰ بی بی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی گئی۔
احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے ریفرنس پر سماعت کی۔
وکیل نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکم دیا تھا کہ پہلے ملزمان کی بریت پر ٹرائل کورٹ فیصلہ کرے۔
احتساب عدالت کے جج نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ سے ابھی تک کوئی حکم نامہ موصول نہیں ہوا۔
وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ تحریری طور پر کہہ رہے ہیں کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے حکم دیا گیا تھا۔
نیب پراسیکوٹر نے کہا کہ جن وکلاء نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دلائل دیے انہی کی جانب سے تحریری طور پر آگاہ کیا جانا چاہیے تھا، اگر وکلاء تحریری طور پر عدالت کو دے رہے ہیں تو عدالت اس معاملے کو دیکھ لے۔
بعد ازاں عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت 18 نومبر تک ملتوی کر دی۔