امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی منعم ظفر کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے انتخابات کے نتائج کو تبدیل کیا اور پی پی کو جتوایا۔
انہوں نے کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آج شارعِ فیصل پر احتجاج کیا جائے گا، ضمنی بلدیاتی انتخابات کے اس تمام پراسیس کے خلاف جماعتِ اسلامی آواز اٹھا رہی ہے، ہم نے الیکشن کمیشن کو 11 خطوط لکھے، ہم ظلم کے خلاف آواز بلند کریں گے، ہم ان کا تعاقب کریں گے، ضرورت پڑی تو عدالتوں میں بھی جائیں گے۔
منعم ظفر نے کہا کہ 10 نشستوں پر انتخابات میں جو رزلٹ نظر آتا ہے وہ مختلف ہے، ماڈل ٹاؤن کی یوسی کی نشست پر پہلے محمد فاروق چیئرمین منتخب ہوئے، پھر عام انتخابات میں بھی عوام نے محمد فاروق کو رکنِ صوبائی اسمبلی بنایا، اب ایسا کیا ہو گیا کہ اس ٹاؤن میں پیپلز پارٹی انتخابات جیت گئی؟
ان کا کہنا ہے کہ پولنگ اسٹیشنز کے دروازے بند ہوئے اور پیپلز پارٹی انتخاب جیت گئی، الیکشن کے پورے عمل پر ڈاکا مارنے میں یہی لوگ ملوث ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس فارم 11 موجود ہیں لیکن ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن نے نتائج تبدیل کیے، لیاقت آباد میں بلدیاتی انتخابات کا معرکہ ہم نے جیتا تھا، وہاں پیپلز پارٹی کو جتوا دیا گیا۔
امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی کا یہ بھی کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی کارکردگی عوام اچھی طرح جانتے ہیں، کراچی سے ٹیکس کی صورت میں پیسے بٹورتے ہیں، وسائل پر قبضہ کر کے بیٹھ جاتے ہیں، سلسلہ یہی رہا تو عوام کا انتخابات سے بھروسہ اٹھ جائے گا۔