کراچی کے علاقے گارڈن میں البیلا چوک میں واقع ایک مکان کی چھت پر بندر آ گئے جن کی ویڈیو منظرِ عام پر آ گئی ہے۔
ڈپٹی کنزرویٹر محکمۂ جنگلی حیات نے بتایا ہے کہ کچھ دن قبل بھی اس علاقے میں بندر نظر آنے کی اطلاع ملی تھی، اس موقع پر ٹیم نے علاقے کی تلاشی لی تھی لیکن کوئی بندر نہیں مل سکا تھا۔
اُنہوں نے بتایا کہ آج بھی ٹیم متعلقہ علاقے میں روانہ کی جائے گی۔
اس حوالے سے چڑیا گھر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ چڑیا گھر میں بندروں کی تعداد پوری ہے۔
چڑیا گھر انتظامیہ نے بتایا ہے کہ ہمیں بھی سولجر بازار میں کئی روز سے بندر نظر آنے کی اطلاع مل رہی ہے۔
اگر یہ بندر چڑیا گھر سے بھی نہیں آئے تو اب یہاں ذہن میں یہ سوال یہ اُٹھتا ہے کہ یہ بندر علاقے میں موجود رہائشی مکان کی چھت پر کہاں سے آئے ہیں؟ جس کا جواب فی الحال نہیں مل سکا۔