• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا نشتر اسپتال کے ڈاکٹروں کو ایڈز سے متاثرہ مریضوں کو ہرجانہ دینے کا حکم


وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نشتر اسپتال ملتان کے ڈاکٹروں کو ایڈز سے متاثرہ مریضوں کو ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔

انہوں نے نشتر اسپتال ملتان کے دورے کے موقع پر ڈائیلسز کے دوران ایڈز پھیلنے پر ایم ایس سمیت 6 ڈاکٹروں اور ہیڈنرس کو معطل کردیا جبکہ سیکریٹری ہیلتھ کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کر دی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ ایڈز پھیلنے کے واقعے میں مجرمانہ غفلت برتی گئی۔

انہوں نے کہا کہ سارے وسائل ہیلتھ کے لیے وقف کر دیے لیکن رزلٹ مثبت نہیں۔

مریم نواز کا کہنا ہے کہ قطعاً برداشت نہیں کہ علاج کے لیے آنے والے سرکاری اسپتال سے ایڈز لے کر جائیں۔

دوسری جانب ڈائیلسز وارڈ سے مریضوں میں ایڈز منتقلی کی معاملے تحقیقات کے لیے وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر مہناز خاکوانی سمیت 10 ڈاکٹر کو آج طلب کر لیا گیا۔

ڈاکٹرز اور عملے کو نیفرالوجی وارڈ کے ریکارڈ میں ردوبدل اور ٹیمپرنگ کے الزام میں طلب کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اسپتال ریکارڈ میں ردوبدل پر 10 ڈاکٹرز کے خلاف پولیس کو تحقیقات کا حکم دیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات میں ریکارڈ ٹیمپرنگ ثابت ہوئی تو تمام ڈاکٹرز کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا، تمام افراد سے ایس ایس پی آپریشن تحقیقات کریں گے۔

مریم نواز نے گزشتہ روز ایڈز منتقلی اسکینڈلز میں ملوث 6 ڈاکٹرز کو معطل کیا تھا۔

قومی خبریں سے مزید