بالی وڈ کے ہر دلعزیز پنجابی گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانجھ کنسرٹ کے دوران پرفارم کرتے ہوئے اسٹیج پر گر پڑے۔
مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر حال ہی بھارتی شہر احمد آباد میں ہونے والے عالمی شہرت یافتہ گلوکار کے کنسرٹ کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں گلوکار کو اسٹیج پر پرفارم کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، تاہم جس بات نے اس ویڈیو کو توجہ طلب بنایا وہ گلوکار کا پرفارمنس کے دوران گرنا تھا، جس پر ان کے مداح پریشان ہو گئے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گلوکار گاتے ہوئے اسٹیج پر بھنگڑا ڈالتے ہوئے توازن برقرار نہ رکھ سکے اور گر گئے، مگر انہوں نے تیزی سے خود کو سنبھالتے ہوئے میوزک پیش کرنے والوں کو رُکنے کا اشارہ کیا۔
دلجیت نے کنسرٹ کی انتظامیہ سے درخواست کی کہ آپ جو آگ کے شعلے بلند کر رہے ہیں، ایسا نہ کریں اس سے اسٹیج پر تیل گر جاتا ہے۔
بعد ازاں انہوں نے شائقین کو اپنی خیریت کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ میں ٹھیک ہوں اور پھر گانا دوبارہ شروع کر دیا۔
سوشل میڈیا پر مذکورہ ویڈیو وائرل ہوتے ہی صارفین کے دماغ میں ماضی کی یادیں تازہ ہو گئیں۔
صارفین نے وائرل ویڈیو پر دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ آخری بار گرا تھا تو یہاں تک پہنچا اب کہاں تک جائے گا یہ؟
واضح رہے کہ 2013ء میں بھی ایک کنسرٹ کے دوران یو یو ہنی سنگھ کے ساتھ پرفارم کرتے ہوئے دلجیت گر گئے تھے، جس کے بعد وہ دن بدن مشہور ہوتے گئے۔