کراچی (ٹی وی رپورٹ) مسلم لیگ (ن) سینئر رہنما سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ فائنل کال میں بھی چار پانچ سو لوگ نہیں نکلے،چار پانچ سو لوگ جمع کرنے سے انقلاب نہیں آتا، پی ٹی آئی رہنما شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ ہم نے دھمکایا نہیں ہے پر امن احتجاج ہمارا آئینی حق ہے، سینئر تجزیہ کار سہیل وڑائچ نے کہاپارٹی کمزوریاں عیاں ہونے سے عمران خان کی سودے بازی کی پوزیشن کمزور ہو رہی ہے، سینئر تجزیہ کار شاہ زیب خانزادہ نے کہا کہ عمران خان کے بار بار کے احتجاج نے ثابت کر دیا وہ بڑا خطرہ نہیں ہیں،سینئر تجزیہ کار ارشاد بھٹی نے کہا کہ جب تک 9مئی کا مسئلہ حل نہیں ہوتا ملک آگے نہیں بڑھے گا۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ’’نیا پاکستان‘‘ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کر رہے تھے۔ سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی،شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ ہم نے تمام لوگوں کو کہا کہ جو اہداف عمران خان کی طرف سے دیئے گئے ہیں، انکے حصول کیلئے پر امن مارچ کریں اور وہاں جاکر پر امن طریقے سے بیٹھیں۔ اپنے مطالبات، اہداف کے لئے زور دیں اس میں کون سی غیر جمہوری بات ہے، سیاسی جدوجہد میں شدت آتی ہے اور وہ احتجاج ہی ہوتا ہے۔ جب آپ جھوٹے پرچے کریں گے عدالتوں کے راستے ہم پر بند کریں گے تو احتجاج ہی کریں گے۔ حکومت جھوٹ بول رہی ہے ہمیں اسلام آباد ہائی کورٹ کا کوئی آرڈر نہیں آیا، انکی بات کیسے مانیں۔ سینئر رہنما ن لیگ سینیٹر طلال چوہدری نے کہا کہ چار پانچ سو لوگ جمع کرنے سے انقلاب نہیں آتا۔ تحریک انصاف کو سیاسی رویہ اختیار کرنا چاہئے۔10 ہزار ،5 ہزار عوام لانے کا ٹارگٹ پورا نہیں ہوا۔ بارہ تیرہ کروڑ کا پنجاب کا صوبہ بالکل خاموش نظر آیا ہے وہاں سے چند سو نہیں نکلے۔ پانچ کروڑ کے صوبے سندھ سے بھی پانچ سو نہیں نکلے۔ بلوچستان سے بھی دو سو آدمی نہیں نکلے۔ کے پی سے اگر سرکاری ملازمین کو لے کر سرکار اپنے ساتھ لوگوں کو لا رہی ہے تو اس سے انقلا ب نہیں آجاتا۔ جتنی بڑی کال آپ دیں گے اس سے بڑا انتظام ریاست کرسکتی ہے۔ فائنل کال میں بھی چند سو لوگ نکلے۔