• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عدالتی احکامات کے باوجود عارف علوی کا کلینک ڈی سیل نہ ہوا

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

سندھ ہائی کورٹ کے احکامات کے باوجود ایس بی سی اے کی جانب سے سابق صدر عارف علوی کا ڈینٹل کلینک ڈی سیل نہیں کیا گیا۔

ڈاکٹر عارف علوی کی اہلیہ نے ڈی جی ایس بی سی اے اور دیگر کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواست دائر کر دی۔

عدالت نے توہینِ عدالت کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 9 دسمبر کو جواب طلب کر لیا۔

درخواست کی سماعت ریگولر بینچ کرے گا یا نہیں سندھ ہائی کورٹ نے درخواست گزار کے وکیل سے دلائل طلب کر لیے۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ عدالت نے ایس بی سی کو فوری ڈینٹل کلینک ڈی سیل کرنے کا حکم دیا تھا، عدالتی احکامات کے باوجود ڈینٹل کلینک ڈی سیل نہیں کیا جا رہا۔

واضح رہے کہ 22 نومبر کو سندھ ہائی کورٹ نے علوی ڈینٹل کلینک کو ڈی سیل کرنے کا حکم دیا تھا۔

تحریری فیصلے میں سندھ ہائی کورٹ نے کہا تھا کہ ایس بی سی اے نے کلینک سیل کرنے سے پہلے درخواست گزار کو نوٹس نہیں دیا اور درخواست گزار کو صفائی کا موقع بھی فراہم نہیں کیا۔

سندھ ہائی کورٹ نے تحریری فیصلے میں یہ بھی کہا تھا کہ درخواست گزار پلاٹ کی حیثیت کی تبدیلی کے لیے 10روز میں ایس بی سی اے سے رجوع کرے، ایس بی سی اے درخواست پر 45 روز میں فیصلہ کرے۔

یاد رہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے سابق صدرِ پاکستان عارف علوی کا ڈینٹل کلینک 3 اکتوبر کو سیل کیا تھا۔

ایس بی سی اے نے کراچی کی سندھی مسلم کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے بلاک B مکان نمبر 23B میں کارروائی کرتے ہوئے بنگلے میں قائم ڈینٹل کلینک کو سیل کر دیا تھا۔

ایس بی سی اے کے ہمراہ پولیس کی بھاری نفری نے اس کارروائی میں حصّہ لیا تھا۔

اس حوالے سے ایس بی سی اے کے ترجمان نے کہا تھا کہ کلینک رہائشی مکان میں ہونے پر سیل کیا گیا ہے، یہ ایک معمول کی کارروائی تھی، ایسی کارروائیاں پورے شہر میں کی جا رہی ہیں۔

قومی خبریں سے مزید