• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عارف علوی کا کلینک سیل کرنے کا ایس بی سی اے کا فیصلہ کالعدم، تحریری فیصلہ جاری

سابق صدر اور پی ٹی آئی رہنما عارف علوی—فائل فوٹو
سابق صدر اور پی ٹی آئی رہنما عارف علوی—فائل فوٹو

سندھ ہائی کورٹ نے سابق صدر اور پی ٹی آئی رہنما عارف علوی کا کلینک سیل کرنے سے متعلق تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔

عدالت نے سابق صدر عارف علوی کا کلینک سیل کرنے کا ایس بی سی اے کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔

تحریری فیصلے میں سندھ ہائی کورٹ نے کہا کہ ایس بی سی اے نے کلینک سیل کرنے سے پہلے درخواست گزار کو نوٹس نہیں دیا اور درخواست گزار کو صفائی کا موقع بھی فراہم نہیں کیا۔

عدالت نے کہا کہ درخواست گزار کو صفائی کا موقع نہ دینا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، ایس بی سی اے عارف علوی کے ڈینٹل کلینک کو فوری ڈی سیل کرے۔

سندھ ہائی کورٹ نے تحریری فیصلے میں یہ بھی کہا کہ درخواست گزار پلاٹ کی حیثیت کی تبدیلی کے لیے 10روز میں ایس بی سی اے سے رجوع کرے، ایس بی سی اے درخواست پر 45 روز میں فیصلہ کرے۔

واضح رہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے سابق صدرِ پاکستان عارف علوی کا ڈینٹل کلینک 3 اکتوبر کو سیل کیا تھا۔

ایس بی سی اے نے کراچی کی سندھی مسلم کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے بلاک B مکان نمبر 23B میں کارروائی کرتے ہوئے بنگلے میں قائم ڈینٹل کلینک کو سیل کر دیا تھا۔

ایس بی سی اے کے ہمراہ پولیس کی بھاری نفری نے اس کارروائی میں حصّہ لیا تھا۔

اس حوالے سے ایس بی سی اے کے ترجمان نے کہا تھا کہ کلینک رہائشی مکان میں ہونے پر سیل کیا گیا ہے، یہ ایک معمول کی کارروائی تھی، ایسی کارروائیاں پورے شہر میں کی جا رہی ہیں۔

قومی خبریں سے مزید