اسلام آباد (اسرار خان) سینیٹ پینل کا مقامی سولر پینلز پر ٹیکس خاتمے، درآمدی پینلز پر ڈیوٹی کا مطالبہ، الیکٹرک وہیکل پالیسی پر ملک بھر میں فیول اسٹیشنز پر الیکٹرک چارجرز کی لازمی تنصیب کی تجویز۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار نے ملکی صنعت اور پیداوار کو تقویت دینے کے لیے مقامی طور پر تیار کردہ سولر پینلز پر ٹیکس ختم کرنے اور درآمدی پینلز پر ڈیوٹی عائد کرنے کا مطالبہ کردیا۔ پارلیمانی پینل کا اجلاس سینیٹر عون عباس کی صدارت میں ہوا جس میں کہا گیا کہ مقامی سولر پینل مینوفیکچرنگ پر ٹیکس کا معاملہ سینیٹ میں اٹھایا جائے گا، اس اعتماد کا اظہار کیا گیا کہ حکومت مقامی صنعت کو سپورٹ کرنے کے لیے ملکی پیداوار پر ٹیکس ختم کرے گی اور درآمدی پینلز پر ڈیوٹی عائد کرے گی۔